میک کولم انگلینڈ ٹیسٹ کوچ بن گئے
جب 2019ء میں مصباح الحق کو پاکستان کا ہیڈ کوچ بنایا گیا تھا تو آپ کو یاد ہوگا کہ بڑا ہنگامہ کھڑا ہوا تھا۔ کسی اور کا کیا کہیں کہ ہم خود اسی صف میں تھے کہ مصباح کیونکہ کوچنگ کا تجربہ نہیں رکھتے، اس لیے انہیں اتنی بھاری ذمہ داری قبول نہیں کرنی چاہیے۔ بہرحال، اب لگتا ہے مصباح والا یہ تجربہ گوروں کو پسند آ گیا ہے۔ انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن میک کولم کو اپنی ٹیسٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کا اعلان کر دیا ہے، وہ بھی پورے چار سال کے لیے۔
مصباح الحق کی طرح میک کولم بھی ٹیسٹ تو درکنار، کبھی کسی فرسٹ کلاس ٹیم کے بھی کوچ نہیں رہے۔ البتہ وہ تین سال سے انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم کلکتہ نائٹ رائیڈرز کے کوچ ضرور ہیں۔ وہی کلکتہ کے جس کے ایک ہیڈ کوچ ٹریور بیلس بھی انگلینڈ کی کوچنگ کر چکے ہیں اور اب وہیں سے میک کولم بھی آ رہے ہیں۔ لگتا ہے کلکتہ لندن سے بہت قریب ہے 🙂
خیر، برینڈن میک کولم نیوزی لینڈ کے ایک تجربہ کار اور کامیاب کپتان رہے ہیں۔ 101 ٹیسٹ میچز کھیلنے کے بعد انہوں نے 2016ء میں اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ اس دوران انہوں نے 31 ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کی قیادت بھی کی اور اسے بین الاقوامی منظرنامے پر ایک اہم ٹیم بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔
برینڈن میک کولم کا انٹرنیشنل کیریئر
فارمیٹ | میچز | رنز | بہترین اننگز | اوسط | 100 | 50 |
---|---|---|---|---|---|---|
ٹیسٹ | 101 | 6453 | 302 | 38.64 | 12 | 31 |
ون ڈے انٹرنیشنل | 260 | 6083 | 166 | 30.41 | 5 | 32 |
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل | 71 | 2140 | 123 | 35.66 | 2 | 13 |
فرسٹ کلاس | 150 | 9210 | 302 | 37.13 | 17 | 46 |
لسٹ اے | 309 | 7373 | 170 | 30.84 | 9 | 37 |
ٹی ٹوئنٹی | 370 | 9922 | 158* | 29.97 | 7 | 55 |
اب وہ ایک ایسے مرحلے پر انگلینڈ کی کوچنگ سنبھالیں گے جب ٹیم انگلینڈ شکست کی دلدل میں پھنسی ہوئی ہے۔ گزشتہ 17 ٹیسٹ میچز میں صرف ایک کامیابی اور ایشیز اور دورۂ ویسٹ انڈیز میں بد ترین ناکامیوں نے نہ صرف جو روٹ کی کپتانی بلکہ ڈائریکٹر سے لے کر ہیڈ کوچ تک سب کا خاتمہ کر دیا ہے۔ اب بین اسٹوکس نئے ٹیسٹ کپتان ہیں اور ان کا پہلا امتحان ہوگا 2 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز۔
غالباً اس میچ سے پہلے ہی میک کولم بھارت سے انگلینڈ پہنچ جائیں گے۔
واضح رہے کہ پہلے سمجھا جا رہا تھا کہ میک کولم کو اپنے مزاج اور انداز کی بدولت انگلینڈ کی محدود اوورز کی ٹیم کا کوچ بنایا جائے گا، یعنی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کا۔ لیکن انہوں نے ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کی خواہش ظاہر کی اور انگلینڈ سے اس سے اتفاق بھی کر لیا۔
اب دیکھتے ہیں کہ اسٹوکس اور میک کولم کی کیمسٹری کس طرح کام کرتی ہے؟