ورلڈ کپ سے پہلے ٹرائی سیریز، پاکستان بھی کھیلے گا؟

0 932

گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پانچ سال بعد مختصر ترین فارمیٹ کا پہلا عالمی کپ تھا لیکن اب محض ایک سال بعد یعنی 2022ء میں ایک مرتبہ پھر ہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ دیکھیں۔ اکتوبر اور نومبر میں آسٹریلیا میں منعقدہ اس ورلڈ کپ کے لیے تیاریاں سمجھیں ابھی سے شروع ہو چکی ہیں۔ ایک طرف جنوبی افریقہ بھارت کے دورے کے لیے پر تول رہا ہے تو وہیں بنگلہ دیش نے اعلان کر دیا ہے کہ وہ ستمبر میں نیوزی لینڈ میں ایک ٹرائی سیریز کھیلے گا۔

ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے منعقدہ اس ٹی ٹوئنٹی سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ جلال یونس کے بقول ممکنہ طور پر اس میں تیسری ٹیم پاکستان کی ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابھی تک اس بیان کی تصدیق یا تردید نہیں کی، لیکن اگر ایسا ہو جائے تو مزا آ جائے گا!

ویسے اس ٹرائی سیریز کی تاریخوں کا تو اعلان نہیں کیا گیا لیکن اندازہ یہی ہے کہ یہ ستمبر کے اواخر سے اکتوبر کے اوائل تک ہوگی کیونکہ ورلڈ کپ 16 اکتوبر سے شروع ہو رہا ہے۔ بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور پاکستان سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں، جو 22 اکتوبر سے شروع ہوگا۔

بنگلہ دیش بھی ورلڈ کپ کے لیے بھرپور تیاریاں کر رہا ہے۔ ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے خلاف سیریز کے علاوہ اس سال ایشیا کپ بھی طے شدہ ہے۔ اگر ہوا تو یہ بھی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہوگا۔

دیکھتے ہیں پاکستان کب دورۂ نیوزی لینڈ کی تصدیق کرتا ہے؟ ہم تو شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔