کرائے کے تمام سپاہی واپسی، جنوبی افریقہ نے تگڑے اسکواڈ کا اعلان کر دیا

0 755

انڈین پریمیئر لیگ اپنے اختتامی مراحل میں ہے اور تمام 'کرائے کے سپاہی' اب اپنی قومی ذمہ داریوں کے لیے دستیاب ہو گئے ہیں۔ وہی جو بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلے، اب بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لیے پر تول رہے ہیں۔

جنوبی افریقہ نے جون میں دورۂ بھارت کے لیے اپنے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ اعلان کردہ دستے میں سب ہیں، بلکہ پوچھیں کون نہیں ہے؟ انڈین پریمیئر لیگ کو ترجیح دے کر بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے دست بردار ہونے والے تقریباً سبھی شامل ہیں۔ سوائے فف ڈو پلیسی اور ڈیولڈ بریوِس ایسے کھلاڑی ہیں، جو آئی پی ایل کھیل رہے ہیں لیکن قومی ٹیم میں واپس نہیں آئے۔ لگتا ہے بورڈ ڈو پلیسی کے پچھلے سال ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے خوش نہیں کیونکہ اس کے بعد سے انہیں محدود اوورز کے مقابلوں کے لیے بھی منتخب نہیں کیا گیا۔

بہرحال، سب سے نمایاں فیصلہ نوجوان ٹرسٹن اسٹبس کی پہلی بار قومی ٹیم میں شمولیت کا ہے۔ انہیں ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا انعام ملا ہے۔ صرف سات میچز میں اسٹبس نے تقریباً 49 کے اوسط اور 183 سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ سے 293 رنز بنائے تھے۔ ایک مقابلے میں تو 212 رنز کے تعاقب میں انہوں نے صرف 31 گیندوں پر 80 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ وہ بھی آئی پی ایل میں شریک تھے اور ممبئی انڈینز کی جانب سے کھیل رہے تھے۔

انریک نورتیے، مارکو یانسن اور پھر سب سے معروف کاگیسو رباڈا اور لنگی اینگیڈی بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں یعنی فاسٹ باؤلنگ میں تو یہ ٹیم دیکھنے والی ہوگی۔ یہی وجہ ہے کہ جنوبی افریقہ کے چیف سلیکٹر نے کہا کہ عرصہ ہو گیا ہے جنوبی افریقہ کی ایسی بھرپور ٹیم نہیں دیکھی تھی۔ وہ اس بات پر بھی خوش ہیں کہ دورۂ بھارت سے قبل آئی پی ایل میں کھلاڑیوں کی شرکت سے انہیں کا بڑا تجربہ مل چکا ہے۔ ویسے اِس وقت رباڈا بھرپور فارم میں ہیں اور آئی پی ایل میں اب تک 22 وکٹیں لے چکے ہیں، اس لیے روہت شرما بھیا! ذرا ہوشیار!

یہ سال بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ہے، جو پہلی بار آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔ اس لیے جنوبی افریقہ کے تمام بہترین کھلاڑیوں کا یوں اکٹھا ہو جانا ان کے لیے ایک نیک شگون ہے۔

ٹیم میں اسپن باؤلنگ کا شعبہ کیشَو مہاراج اور تبریز شمسی سنبھالیں گے جبکہ وین پارنیل بھی عرصے بعد اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔ ہو سکتا ہے وہ پانچ سال بعد اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلیں بھی۔

بیٹنگ لائن اپ میں وہی جانے پہچانے نام ہیں: کوئنٹن ڈی کوک، ریزا ہینڈرکس، آئیڈن مارکرم، تمبا باووما، ڈیوڈ ملر، رسی وان ڈیر ڈوسن اور انریک کلاسن۔ یعنی اس مرتبہ بہت مزا آنے والا ہے۔

پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی یہ سیریز 9 جون سے دلّی میں شروع ہوگی اور 19 تاریخ کو بنگلور میں آخری ٹی ٹوئنٹی تک جاری رہے گی۔

جنوبی افریقہ کا دورۂ بھارت 2022ء

بمقابلہبمقامبتاریخ
پہلا ٹی ٹوئنٹی بھارت جنوبی افریقہدلّی‏9 جون
دوسرا ٹی ٹوئنٹی بھارت جنوبی افریقہ کٹک‏12 جون
تیسرا ٹی ٹوئنٹی بھارت جنوبی افریقہ وشاکھاپٹنم‏14 جون
چوتھا ٹی ٹوئنٹی بھارت جنوبی افریقہ راج کوٹ‏17 جون
پانچواں ٹی ٹوئنٹی بھارت جنوبی افریقہ بنگلور‏19 جون

ویسے شدید گرمی کے موسم میں اس سیریز کے انعقاد پر تحفظات بھی ہیں۔ مئی میں تو بھارت میں قیامت خیز گرمی پڑ رہی ہے لیکن امید ہے کہ جون میں مون سون کی آمد سے صورت حال بہتر ہو جائے گی۔

دورۂ بھارت کے لیے اعلان کردہ جنوبی افریقی ٹیم:

تمبا باووما (کپتان)، انریک کلاسن، انریک نورتیے، آئیڈن مارکرم، تبریز شمسی، ٹرسٹان اسٹبس، ڈیوڈ ملر، ڈیوین پریٹیوریئس، رسی وان ڈیر ڈوسن، ریزا ہینڈرکس، کاگیسو رباڈا، کوئنٹن ڈی کوک، کیشَو مہاراج، لنگی اینگیڈی، مارکو یانسن اور وین پارنیل۔