[ریکارڈز] مشفق بنگلہ دیش کے پہلے 5 ہزاری بیٹسمین
ذرا تمیم اقبال کی قسمت دیکھیں کہ وہ 5 ہزار ٹیسٹ رنز بنانے والے پہلے بنگلہ دیشی بیٹسمین بن جاتے لیکن جب صرف 19 رنز دُور تھے تو ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔ اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مشفق الرحیم نے اسی اننگز میں اپنے 5 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کر لیے۔ یعنی مشفق تمیم کی جگہ 5 ہزار منصب پر فائز ہونے والے پہلے بنگلہ دیشی بن گئے ہیں۔
سری لنکا کے خلاف چٹوگرام میں جاری پہلے ٹیسٹ کے دوران مشفق نے 282 گیندوں پر 105 رنز کی اننگز کھیلی۔ میچ کے چوتھے روز اپنی اننگز کے دوران انہوں نے یہ سنگِ میل بھی عبور کیا۔
تمیم اقبال 133 رنز پر شاندار بیٹنگ کر رہے تھے کہ کمر اور کلائی کی تکلیف کی وجہ سے 133 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔ وہ بعد ازاں بلے بازی کے لیے واپس بھی آئے لیکن بغیر کسی رن کے اضافے کے کلین بولڈ ہو گئے۔ تمیم کے کیریئر رنز کی تعداد 4981 ہے یعنی انہیں 5 ہزار رنز کے لیے صرف 19 مزید رنز درکار ہیں۔
تمیم نے 2015ء میں پہلی بار بنگلہ دیش کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز کا ریکارڈ بنایا تھا اور اس کے بعد سے ان کی اور مشفق کی دوڑ جاری ہے، کبھی تمیم آگے تو کبھی مشفق۔ چٹوگرام ٹیسٹ کے لیے اترنے سے پہلے مشفق 4932 رنز کے ساتھ آگے تھے جبکہ تمیم 4848 رنز کے ساتھ ان کے پیچھے۔
بنگلہ دیش کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے بلے باز
بلے باز | میچز | رنز | بہترین اننگز | اوسط | 100 | 50 |
---|---|---|---|---|---|---|
مشفق الرحیم | 81* | 5037 | 219* | 36.76 | 8 | 25 |
تمیم اقبال | 66 | 4981 | 206 | 40.16 | 10 | 31 |
شکیب الحسن | 60 | 4055 | 217 | 39.36 | 5 | 26 |
مومن الحق | 52 | 3516 | 181 | 39.06 | 11 | 15 |
حبیب البشر | 50 | 3026 | 113 | 30.87 | 3 | 24 |
مشفق نے اپنے طویل ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 2005ء میں کیا تھا اور یہ ان کا 81 واں ٹیسٹ میچ ہے۔ وہ اب اسپیشلسٹ بیٹسمین کی حیثیت سے ٹیم میں کھیلتے ہیں جبکہ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں لٹن داس انجام دیتے ہیں۔
مشفق الرحیم کے انٹرنیشنل کیریئر کا ایک جائزہ
فارمیٹ | میچز | رنز | بہترین اننگز | اوسط | 100 | 50 |
---|---|---|---|---|---|---|
ٹیسٹ | 81* | 5037 | 219* | 36.76 | 8 | 25 |
ون ڈے | 233 | 6697 | 144 | 36.79 | 8 | 41 |
ٹی ٹوئنٹی | 100 | 1495 | 72* | 19.93 | 0 | 6 |
مشفق ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی 6697 رنز بنا چکے ہیں جبکہ 1495 ٹی ٹوئنٹی رنز بھی رکھتے ہیں یعنی مجموعی طور پر ان کے رنز کی تعداد 414 میچز میں 13,221 ہے یعنی وہ تمیم سے کافی پیچھے ہیں جو 365 مقابلوں میں 14,508 رنز رکھتے ہیں۔ شکیب الحسن 12,717 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ باقی کوئی بنگلہ دیشی بیٹسمین انٹرنیشنل کرکٹ میں 10 ہزار رنز نہیں بنا پایا، البتہ محمود اللہ جلد ہی اس مقام تک پہنچ جائیں گے۔
بنگلہ دیش کے لیے سب سے زیادہ انٹرنیشنل رنز بنانے والے بلے باز
بلے باز | میچز | رنز | بہترین اننگز | اوسط | 100 | 50 |
---|---|---|---|---|---|---|
تمیم اقبال | 365 | 14508 | 206 | 35.73 | 25 | 90 |
مشفق الرحیم | 414 | 13229 | 219* | 33.57 | 16 | 72 |
شکیب الحسن | 377 | 12718 | 217 | 34.65 | 14 | 85 |
محمود اللہ | 371 | 9478 | 150* | 31.28 | 8 | 47 |
محمد اشرفل | 259 | 6655 | 190 | 22.79 | 9 | 30 |
واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھارت کے سچن تنڈولکر کے پاس ہے۔ 200 ٹیسٹ میچز میں سچن نے 15,921 رنز بنائے جس میں ریکارڈ 51 سنچریاں بھی شامل ہیں۔ آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ اور جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس ان کے پیچھے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز
بلے باز | میچز | رنز | بہترین اننگز | اوسط | 100 | 50 |
---|---|---|---|---|---|---|
سچن تنڈولکر | 200 | 15921 | 248* | 53.78 | 51 | 68 |
رکی پونٹنگ | 168 | 13378 | 257 | 51.85 | 41 | 62 |
ژاک کیلس | 166 | 13289 | 224 | 55.37 | 45 | 58 |
راہُل ڈریوڈ | 164 | 13288 | 270 | 52.31 | 36 | 63 |
ایلسٹر کُک | 161 | 12472 | 294 | 45.35 | 33 | 57 |