پاکستان ویمنز دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے ساتھ سیریز بھی جیت گئیں

0 877

پاکستان ویمنز نے دوسرا ٹی ٹوئنٹی بھی با آسانی جیت کر سری لنکا کے خلاف سیریز ‏2-0 سے جیت لی ہے۔

کراچی میں کھیلی جانے والی اِس سیریز کے دوسرے معرکے میں بھی سری لنکا نے ٹاس جیت کر خود بلے بازی کا فیصلہ کیا، لیکن تمام تر کوشش کے باوجود صرف 103 رنز کا ہدف دے پایا۔ اوپنر ہسینی پیریرا 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ نیلاکشی ڈی سلوا نے 21 رنز بنائے۔

ابتدائی 14 اوورز میں گو کہ سری لنکا کے صرف دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے لیکن اسکور بورڈ پر صرف 62 رنز موجود تھے۔ اب آخری چھ اوورز میں بھلا کتنے رنز بن سکتے تھے؟ بمشکل 40 رنز کا اضافہ ہو پایا اور اننگز صرف 102 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ تک محدود رہ گئیں۔

پاکستان نے تمام باؤلرز پانچ باؤلرز کو آزمایا اور سب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پچھلے مقابلے کی شاندار کارکردگی کے بعد طوبیٰ حسن نے ایک مرتبہ عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔ اپنے چار اوورز میں انہوں نے سب سے کم صرف 13 رنز دیے اور ایک کھلاڑی کو آؤٹ بھی کیا۔ ان کے علاوہ انعم امین نے 16 رنز دے کر ایک وکٹ لی۔ باقی باؤلرز فاطمہ ثنا، ندا ڈار اور ایمن انور نے بھی ایک، ایک شکار کیا۔

سری لنکا ویمنز کا دورۂ پاکستان 2022ء - دوسرا ٹی ٹوئنٹی

پاکستان بمقابلہ سری لنکا

‏26 مئی 2022ء

ساؤتھ اینڈ کلب کرکٹ اسٹیڈیم، کراچی

نتیجہ: پاکستان 7 وکٹوں سے جیت گیا

سری لنکا ویمنز102-6
ہسینی پیریرا3551
نیلاکشی ڈی سلوا2129
پاکستان باؤلنگامرو
طوبیٰ حسن40131
انعم امین40161
پاکستان ویمنز 🏆104-3
عائشہ نسیم4531
بسمہ معروف2229
سری لنکا باؤلنگامرو
اچینی کلاسیریا20111
اوشادی راناسنگھے3.10161

گزشتہ مقابلے کی طرح یہاں بھی پاکستان کا آغاز اچھا نہیں تھا۔ گل فیروزہ ایک مرتبہ پھر بُری طرح ناکام ہوئیں اور صرف تین رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئیں۔ ساتویں اوور میں منیبہ علی کی وکٹ بھی گر گئی جو 23 گیندوں پر 17 رنز بنا چکی تھیں جبکہ ارم جاوید کے آؤٹ ہونے سے پاکستان صرف 34 رنز پر تین وکٹوں سے محروم ہو گیا۔

یہاں کپتان بسمہ معروف اور عائشہ نسیم نے کے ساتھ مل کر معاملات کو سنبھالا۔ ان دونوں کی 58 گیندوں پر 70 رنز کی ناقابلِ شکست رفاقت نے پاکستان کو بغیر کسی مزید نقصان کے ہدف تک پہنچا دیا۔

پاکستان نے پر 18 ویں اوور کی پہلی گیند حاصل کیا اور سات وکٹوں سے کامیابی سمیٹ کر سیریز اپنے نام کر لی۔

بسمہ 29 گیندوں پر 22 جبکہ عائشہ نسیم صرف 31 گیندوں پر ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 45 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ اس کارکردگی پر انہیں میچ کی بہترین کھلاڑي کا اعزاز بھی ملا۔

سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی 28 مئی بروز ہفتہ کراچی کے اسی ساؤتھ اینڈ کلب کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ جس کے بعد دونوں ٹیمیں اسی میدان پر تین ون ڈے انٹرنیشنلز بھی کھیلیں گی۔