سنسنی خیز مقابلہ اور پاکستان ویمنز کا کلین سویپ
پاک-سری لنکا ویمنز سیریز کے ابتدائی دو یک طرفہ مقابلوں کے بعد بالآخر تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں سنسنی خیز معرکہ دیکھنے کو ملا، جس میں پاکستان نے آخری گیند پر کامیابی حاصل کر کے سیریز 3-0 سے جیت لی۔
کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آخری مقابلے میں سری لنکا ویمنز نے ایک مرتبہ پھر ٹاس جیتا اور پھر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ابتدائی 11 اوورز تک تو یہ بہترین فیصلہ ثابت ہو رہا تھا، جب اسکور بورڈ پر 69 رنز تھے اور ایک وکٹ تک نہیں گری تھی۔ مہمان میچ پر چھائے ہوئے تھے اور ہسینی پیریرا کے رن آؤٹ نے میچ کا رخ ہی بدل دیا۔ ان کی 30 گیندوں پر 24 رنز کی اننگز تمام ہوئی اور اگلی ہی گیند پر دوسری سیٹ بلے باز اور کپتان چماری اتاپتو بھی 37 رنز پر آؤٹ ہو گئیں۔ یہ ایسے دھچکے تھے کہ سری پھر لنکا سنبھل نہیں پایا۔
83 رنز تک پہنچتے پہنچتے، یعنی صرف 14 رنز کے اضافے سے سری لنکا کی 7 وکٹیں کر گئیں۔ اگر آخر میں انشوکا سنجیوانی اور سگاندیکا کماری کچھ بلّے نہ چلا لیتیں تو اسکور کبھی 107 رنز تک بھی نہ پہنچتا۔
سری لنکا ویمنز کا دورۂ پاکستان 2022ء - تیسرا ٹی ٹوئنٹی
پاکستان بمقابلہ سری لنکا
28 مئی 2022ء
ساؤتھ اینڈ کلب کرکٹ اسٹیڈیم، کراچی
نتیجہ: پاکستان 4 وکٹوں سے جیت گیا
پاکستان نے سیریز 3-0 سے جیت لی
سری لنکا ویمنز | 107-8 | |
چماری اتاپتو | 37 | 38 |
ہسینی پیریرا | 24 | 30 |
پاکستان باؤلنگ | ا | م | ر | و |
ندا ڈار | 2 | 1 | 1 | 1 |
کائنات امتیاز | 4 | 0 | 19 | 1 |
پاکستان ویمنز 🏆 | 108-6 | |
منیبہ علی | 25 | 33 |
بسمہ معروف | 15 | 15 |
سری لنکا باؤلنگ | ا | م | ر | و |
اوشادی رانا سنگھے | 4 | 0 | 18 | 3 |
کاویشا دلہاری | 4 | 0 | 28 | 2 |
بہرحال، پاکستان کی گزشتہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے 108 ایک آسان ہدف لگتا تھا۔ کم از کم تجربہ کار مڈل آرڈر تو معاملہ سنبھال ہی لیتا لیکن بیٹنگ لائن سے توقعات پوری نہیں ہوئی۔ خاص طور پر درمیان میں اوشادی رانا سنگھے کی تین وکٹوں سے تہلکہ مچا دیا۔ انہوں نے میچ کے اہم مرحلے پر عائشہ نسیم اور عالیہ ریاض کی قیمتی وکٹیں بھی حاصل کیں۔
کپتان بسمہ معروف اور تجربہ کار ندا ڈار موجود تھیں تو امیدیں بندھی ہوئی تھیں۔ یہاں اٹھارہویں اوور کے آغاز پر ندا نے ایک چوکا لگایا اور اگلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئیں۔ پاکستان اس اوور میں صرف دو مزید رنز حاصل کر پایا اور معاملہ آخری دو اوورز میں 15 اور پھر آخری اوور میں 8 رنز تک پہنچ گیا۔ تمام تر امیدیں کپتان بسمہ معروف سے وابستہ تھیں۔ بالآخر آخری گیند آئی، جس پر دو رنز کی ضرورت تھی اور جوابی تھرو اچھا نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان یہ رنز دوڑنے میں کامیاب ہو گیا۔
بسمہ کو دن کے سب سے قیمتی 15 رنز بنانے، اور ساتھ ہی دو رن آؤٹ کرنے، پر میچ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔ جبکہ طوبیٰ حسن کو سیریز کی بہترین کھلاڑي قرار دیا گیا، جنہوں نے آج ایک وکٹ حاصل کی۔
سیریز کا ٹی ٹوئنٹی مرحلہ بخوبی جیتنے کے بعد اب دونوں ٹیمیں یکم جون سے تین ون ڈے انٹرنیشنلز کھیلیں گی۔