ویسٹ انڈیز سیریز جیت گیا، ناتجربہ کاری نیدرلینڈز کو مار گئی
ویسٹ انڈیز پاکستان آمد سے بھرپور تیاریاں کر رہا ہے اور نیدرلینڈز کے خلاف پہلے ون ڈے میں پانچ وکٹوں کی کامیابی حاصل کر کے اس سمت میں پہلا قدم ہے۔
ایمسٹلوین میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں نیدرلینڈز کا آغاز تو بہت عمدہ تھا۔ نہ صرف بیٹنگ بلکہ بعد ازاں باؤلنگ میں بھی، لیکن ناتجربہ آڑے آتی رہی اور ویسٹ انڈیز نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھا کر بالآخر پانچ وکٹوں سے میچ جیت لیا۔
نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 26 ویں اوور تک صرف ایک وکٹ پر 115 رنز بنائے۔ لیکن پھر عقیل حسین اور دیگر باؤلرز نے انہیں ایسا جکڑا کہ پوری ٹیم صرف 214 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ یعنی نیدرلینڈز کی آخری 9 وکٹیں صرف 99 رنز کے اضافے سے گریں۔
حالانکہ ٹاپ آرڈر میں وکرم جیت سنگھ 46، میکس او ڈوڈ 51 اور وکٹ کیپر اسکاٹ ایڈورڈز 68 رنز بنانے میں کامیاب رہے، لیکن ان کے بعد چراغوں میں روشنی نہ رہی۔ باقی کوئی ایک بلے باز ڈبل فگرز تک میں نہ پہنچ سکا۔
ویسٹ انڈیز کا دورۂ نیدرلینڈز 2022ء - دوسرا ون ڈے
نیدرلینڈز بمقابلہ ویسٹ انڈیز
2 جون 2022ء
وی آر اے گراؤنڈ، ایمسٹلوین، نیدرلینڈز
نتیجہ: ویسٹ انڈیز 5وکٹوں سے جیت گیا
نیدرلینڈز | 214 | |
اسکاٹ ایڈورڈز | 68 | 89 |
میکس او ڈوڈ | 51 | 78 |
ویسٹ انڈیز باؤلنگ | ا | م | ر | و |
عقیل حسین | 10 | 0 | 39 | 4 |
الزاری جوزف | 8 | 1 | 30 | 2 |
ویسٹ انڈیز 🏆 | 217-5 | |
برینڈن کنگ | 91* | 90 |
کیسی کارٹی | 43* | 66 |
نیدرلینڈز باؤلنگ | ا | م | ر | و |
بس ڈے لیڈے | 8 | 0 | 46 | 2 |
شاریز احمد | 6 | 0 | 28 | 1 |
ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین نے اپنے 10 اوورز میں صرف 39 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو وکٹیں الزاری جوزف نے لیں۔
ویسے ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا نہیں تھا، بلکہ تقریباً آدھے اوورز مکمل ہوئے تو ان کا حال بھی نیدرلینڈز سے مختلف نہیں تھا۔ 17 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد 99 رنز تک پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ یہاں برینڈن کنگ اور کیسی کارٹی نے بہت عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پانچویں وکٹ پر 118 رنز کی ناقابلِ شکست رفاقت قائم کی اور ویسٹ انڈیز کو فتح تک پہنچا کر دم لیا۔
برینڈن کنگ 90 گیندوں پر 91 جبکہ کارٹی 66 گیندوں پر 43 رنز کے ساتھ فاتحانہ میدان سے واپس آئے۔ کنگ کی اننگز میں تین چھکے اور 9 چوکے بھی شامل تھے۔ اس کارکردگی پر انہیں میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی دیا گیا۔
اس کامیابی کے ساتھ ویسٹ انڈیز تین ون ڈے میچز میں کامیابی حاصل کر چکا ہے البتہ تیسرا ون ڈے ابھی باقی ہے جو ہفتے کو کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد ویسٹ انڈیز ٹیم پاکستانی روانہ ہوگی جہاں ایسے ہی تین ون ڈے انٹرنیشنلز اس کا انتظار کر رہے ہیں۔