کولمبو میں سنسنی، آسٹریلیا میچ اور سیریز جیت گیا

0 1,000

سری لنکا اور آسٹریلیا کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کے نام ہوا، جس نے ابتدائی دونوں میچز جیت کر سیریز بھی اپنے نام کر لی ہے۔

راناسنگھے پریماداسا اسٹیڈیم، کولمبو میں ناقابلِ یقین ماحول دیکھنے کو ملا۔ کھچاکھچ بھرے میدان میں جب ونندو ہسارنگا نے پے در پے آسٹریلیا کی وکٹیں لیں تو کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی۔ لیکن یہاں میتھیو ویڈ کی ٹھنڈے دماغ کے ساتھ کھیلی گئی اننگز نے آسٹریلیا کو کامیابی سے ہمکنار کر دیا۔

آسٹریلیا کا دورۂ سری لنکا 2022ء - دوسرا ٹی ٹوئنٹی

سری لنکا بمقابلہ آسٹریلیا

نتیجہ: آسٹریلیا 3 وکٹوں سے جیت گیا

سری لنکا124-9
چارتھ اسالنکا3933
کوسال مینڈس3636
آسٹریلیا باؤلنگامرو
کین رچرڈسن40304
جائی رچرڈسن40263

آسٹریلیا 🏆126-7
میتھیو ویڈ26*26
آرون فنچ2413
سری لنکا باؤلنگامرو
ونندو ہسارنگا40334
نووان توشارا20181

ویسے سری لنکن اننگز دیکھیں تو یہ گزشتہ مقابلے ہی کا ری پلے تھی۔ ایک مرتبہ میزبان بیٹسمین بری طرح ناکام ہوئے اور 20 اوورز میں صرف 124 رنز ہی بنا پائے۔ کوسال مینڈس اور چارتھ اسالنکا کے درمیان تیسری وکٹ پر 67 رنز کی شراکت داری واحد نمایاں شراکت داری تھی۔ اسالنکا نے 39 اور مینڈس نے 36 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کین رچرڈسن نے 30 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تین کھلاڑیوں کو جائی رچرڈسن نے آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا نے ایک مرتبہ پھر طوفانی آغاز لیا۔ پانچویں اوور میں ہی اسکور 50 کا ہندسہ عبور کر چکا تھا اور محض ایک وکٹ ہی گری تھی۔ لیکن پھر پلڑا دوسری طرف جھکنے لگا۔ وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور 80 رنز تک پہنچتے پہنچتے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

جب ونندو ہسارنگا نے مسلسل دو گیندوں پر گلین میکسویل اور آشٹن ایگر کو آؤٹ کیا تو تماشائیوں نے آسمان سر پر اٹھا لیا۔ لیکن تمام تر مشکل حالات کے باوجود میتھیو ویڈ سر جھکا کر کھیلتے رہے۔ دوسرے اینڈ سے جائی رچرڈسن نے بھی وکٹ بچائے رکھی۔ یہاں تک کہ اٹھارہویں اوور میں آسٹریلیا نے ہدف حاصل کر لیا۔

میتھیو ویڈ نے 26 گیندوں پر 26 رنز بنائے جبکہ رچرڈسن 20 گیندوں پر9 رنز بنا کر میدان سے فاتحانہ واپس آئے۔

اب تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی کی کوئی اہمیت نہیں رہی، کیونکہ سیریز کا فیصلہ پہلے ہی ہو چکا ہے۔ البتہ میزبان سری لنکا کلین سویپ کی ہزیمت سے بچنے کی پوری کوشش  کرے گا۔