بھارت نے شکست کے جبڑوں سے فتح چھین لی

0 723

ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی بھارت شکست کے دہانے تک پہنچا، لیکن آکشر پٹیل کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آخری اوور میں صرف دو وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔ یہ تین میچز کی سیریز میں ‏2-0 کی فیصلہ برتری حاصل کر لی ہے۔ آکشر نے صرف 35 گیندوں پر 64 رنز کی غیر معمولی اننگز کھیلی اور بھارت کو اس وقت کامیابی دلائی جب اسے چھ اوورز میں 56 رنز کی ضرورت تھی اور صرف چار وکٹیں باقی تھیں۔ ویسٹ انڈیز مقابلے پر چھایا ہوا تھا لیکن آکشر نے اُن کی امید کا ہر دیا بجھا دیا۔ آخری اوور میں جب 8 رنز کی ضرورت تھی تو انہوں نے ہی چوتھی گیند پر کائل میئرس کو فاتحانہ چھکا لگا کر میچ کا خاتمہ کیا۔

بھارت کا دورۂ ویسٹ انڈیز 2022ء - دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل

ویسٹ انڈیز بمقابلہ بھارت

‏24 جولائی 2022ء

کوئنز پارک اوول، پورٹ آف اسپین، ٹرینیڈاڈ

بھارت 2 وکٹوں سے جیت گیا

ویسٹ انڈیز311-6
شے ہوپ115135
نکولس پورَن7477
بھارت باؤلنگامرو
شاردل ٹھاکر70543
آکشر پٹیل91401

بھارت 🏆312-8
آکشر پٹیل64*35
شریاس آیر6371
ویسٹ انڈیز باؤلنگامرو
الزاری جوزف101462
کائل میئرس7.40482

پہلے میچ میں صرف 3 رنز سے ہارنے والے ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیتا اور پہلے خود کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز نے ابتدائی 9 اوورز میں 65 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ لیکن 130 رنز تک پہنچتے پہنچتے تین وکٹیں گر گئیں۔ کائل میئرس 39 اور شیمار بروکس 35 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ برینڈن کنگ صفر پر ہی وکٹ دے گئے۔

یہاں پر کپتان نکولس پورَن نے اوپنر شے ہوپ کا بہترین ساتھ دیا۔ دونوں اسکور کو 247 تک لے گئے۔ پورَن نے 77 گیندوں پر 74 رنز جبکہ شے ہوپ تو 49 ویں اوور میں جا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 135 گیندوں پر 115 رنز اسکور کیے۔ یہ ہوپ کا 100 واں ون ڈے تھا، جس میں انہوں نے سنچری کا منفرد اعزاز حاصل کیا۔

بہرحال، 312 رنز کے تعاقب میں بھارت کا آغاز ویسٹ انڈیز جتنا اچھا نہیں تھا۔ ابتدائی 11 اوورز میں صرف 48 رنز ہی بنے، وہ بھی کپتان شیکھر دھاون کی وکٹ دے کر۔ اس کے بعد تو رنز بنانے کی رفتار مزید سُست پڑ گئی اور وکٹیں گرنے کا سلسلہ بھی رکا نہیں۔ شبمن گل 43 اور سوریا کمار یادَو صرف 9 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ یعنی 79 رنز پر تین آؤٹ۔

یہاں پر شریاس آیر نے وکٹ کیپر سنجو سیمسن کے ساتھ مل کر اننگز کو تھام لیا۔ دونوں مل کر اسکور کو 178 رنز تک لے گئے۔ آیر 71 گیندوں پر 63 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور کچھ ہی دیر بعد سیمسن کی اننگز بھی 51 گیندوں پر 54 رنز کے ساتھ تمام ہوئی۔ یہ ان کی پہلی ون ڈے ففٹی تھی۔

بہرحال، آخری 10 اوورز کا آغاز ہوا تو بھارت کو 100 رنز کی ضرورت تھی اور پانچ وکٹیں باقی تھی۔ جب دیپک ہودا آؤٹ کی صورت میں چھٹا کھلاڑی آؤٹ ہوا تو اسکور 44 اوورز میں 256 رنز تھا۔ یعنی آخری چھ اوورز میں 56 مزید رنز درکار تھے۔

دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرتی رہیں لیکن آکشر پٹیل ایک اینڈ سے ڈٹے رہے۔ یہاں تک کہ آخری اوور میں کامیابی تک پہنچا کر ہی دم لیا۔

آکشر کی 64 رنز کی اننگز میں تین چوکے اور میچ وننگ سِکسر سمیت کُل 5 چھکے شامل تھے۔

اب تین ون ڈے میچز کی سیریز میں بھارت کو فیصلہ کن برتری مل گئی ہے یعنی تیسرے میچ کا سیریز پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

ویسٹ انڈیز کے لیے یہ ایک اور مایوس کن شکست تھی۔ پہلے مقابلے میں وہ صرف 3 رنز سے ہارا تھا اور اب محض دو وکٹوں سے۔ گویا بھارت نے زخموں پر نمک چھڑک دیا۔