روہت، کارتک اور اسپنرز نے پہلا ٹی ٹوئنٹی جتوا دیا
روہت شرما اور دنیش کارتک کی عمدہ بیٹنگ اور اسپنرز کی بہترین باؤلنگ کی بدولت بھارت کی فتوحات کا سلسلہ ون ڈے سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں منتقل ہو چکا ہے۔ ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس پہلے بین الاقوامی مقابلے میں ویسٹ انڈیز کی ایک نہیں چلی۔ بھارت نے ٹی ٹوئنٹی میں کلین سوئپ کے بعد 68 رنز کی کامیابی کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا بھی زبردست آغاز کیا ہے۔
بھارت کا دورۂ ویسٹ انڈیز 2022ء - پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل
ویسٹ انڈیز بمقابلہ بھارت
29 جولائی 2022ء
بھارت نے روہت شرما کی 64 رنز کی اننگز کی بدولت اچھا آغاز لیا۔ 12 اوورز میں اسکور 102 رنز تھا تو بھارت نے اننگز کی رفتار بڑھانا شروع کر دی۔ لیکن 15 ویں اوور میں وہ آؤٹ ہو گئے۔ اب صرف پانچ اوورز باقی رہ گئے تھے اور بھارت 131 رنز پر کھڑا تھا۔ پچ کھیلنے کے لیے اتنی آسان نہیں تھی اس لیے 170 رنز ہی بنتے نظر آ رہے تھے۔
یہاں پر دنیش کارتک نے 19 گیندوں پر 41 رنز کی فیصلہ کن اننگز کھیلی۔ یہی باری تھی جس نے میچ کا رخ مکمل طور پر بھارت کے حق میں کر دیا۔ جس نے آخری پانچ اوورز میں 63 رنز کا اضافہ کیا اور 20 اوورز میں 190 رنز بنائے۔
جواب میں ویسٹ انڈیز ویسی کارکردگی نہیں دکھایا پایا جس کی توقع تھی۔ بھارت کی اسپن طاقت کے ساتھ ان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ رکا ہی نہیں۔ یہاں تک کہ صرف جب شمرون ہٹمائر کی صورت میں ساتویں وکٹ گری تو اسکور بورڈ پر صرف 86 رنز موجود تھے۔ 20 اوورز میں ویسٹ انڈیز آٹھ وکٹوں پر صرف 122 رنز بنا پایا۔ سب سے بڑی اننگز شیمار بروکس کی تھی، جنہوں نے صرف 20 رنز بنائے۔ یعنی ہدف کا تعاقب کرنے کا فیصلہ بُری طرح ناکام ہوا۔
بہرحال، سیریز پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی ہے، واپسی کا امکان موجود ہے۔ ون ڈے سیریز کے ابتدائی دو میچز میں جیسا مقابلہ کیا تھا، ویسی کارکردگی ٹی ٹوئنٹی میں بھی دہرا دی تو سیریز دیکھنے کا مزا آ جائے گا۔