بنگلہ دیش کی بڑی فتح، زمبابوے کلین سوئپ میں ناکام

0 705

زمبابوے کے پاس تاریخی موقع تھا کہ بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کرے۔ آخری ون ڈے میں اسے پوری سیریز کا سب سے آسان ہدف بھی ملا، لیکن محض 83 رنز پر نو وکٹیں گنوا کر 105 رنز کی شکست کھا بیٹھا۔ یہ 257 رنز کا ہدف تھا جس کے تعاقب میں زمبابوے صرف 151 رنز پر آل آؤٹ ہوا۔ اس میں بھی آخری وکٹ پر 68 رنز کی شراکت داری شامل ہے۔ اگر یہ نہ ہوتی تو شاید زمبابوے 100 رنز سے بھی پہلے ڈھیر ہو جاتا۔

بنگلہ دیش کا دورۂ زمبابوے 2022ء - تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل

زمبابوے بمقابلہ بنگلہ دیش

‏10 اگست 2022ء

ہرارے اسپورٹس کلب، ہرارے، زمبابوے

بنگلہ دیش 105 رنز سے جیت گیا

زمبابوے سیریز ‏2-1 سے جیت گیا

بنگلہ دیش 🏆256-9
عفیف حسین85*81
انعام الحق7671
زمبابوے باؤلنگامرو
لیوک یونگوے60382
بریڈ ایونز81532

زمبابوے 151
رچرڈ اینگراوا3427
وکٹر نیاؤچی2631
بنگلہ دیش باؤلنگامرو
مستفیض الرحمٰن5.20174
تیج الاسلام90342

یہ بنگلہ دیش کی کرکٹ تاریخ کا 400 واں ون ڈے انٹرنیشنل میچ تھا، جس میں اس نے زمبابوے کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کی۔ ٹاپ آرڈر میں انعام الحق کے 76 رنز کے سوا کوئی نمایاں اننگز نظر نہیں آئی۔ نجم الحسن اور مشفق الرحیم تو صفر کی ہزیمت سے دوچار ہوئے۔

صرف 47 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد یہ انعام الحق تھے جنہوں نے محمود اللہ کے ساتھ مل کر اسکور کو 124 رنز تک پہنچایا۔ انعام 71 گیندوں پر چار چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دوسرے اینڈ سے محمود اللہ نے انتہائی سست اننگز کھیلی۔ 69 گیندوں پر 39 رنز بنانے کے بعد وہ اس وقت آؤٹ ہوئے جب اسکور 173 رنز تھا اور 35 واں اوور شروع ہو چکا تھا۔

یہاں پر آخری 15 اوورز کے کھیل میں عفیف حسین کی ایک اور عمدہ اننگز دیکھنے کو ملی۔ انہوں نے 81 گیندوں پر 85 رنز بنائے اور بنگلہ دیش کو 256 رنز تک پہنچا دیا۔

اب زمبابوے کو سیریز کے سب سے معمولی ہدف کا سامنا تھا۔ لیکن اس کے تعاقب میں بھی وہ اتنی ہی مایوس کن کارکردگی دکھا پایا۔ شاید اس کی وجہ ٹیم میں کی گئی کئی تبدیلیاں ہوں۔ بہرحال، سکندر رضا کی قیادت بُری طرح ناکام نظر آئی۔ خود وہ بھی صفر پر آؤٹ ہوئے اور ان کی واپسی کے ساتھ صرف 18 رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

ابھی اننگز اپنے نصف مرحلے تک بھی نہیں پہنچی تھی کہ محض 83 رنز پر نواں بیٹسمین بھی میدان سے واپس آ گیا۔ آخری وکٹ پر رچرڈ اینگراوا اور وکٹر نیاؤچی نے 68 رنز کا اضافہ کیا اور یوں شکست کے مارجن کو کافی کم کیا۔ 33 ویں اوور میں پوری ٹیم 151 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

اینگراوا 27 گیندوں پر 34 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بیٹسمین رہے، جبکہ وکٹر نیاؤچی 26 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز رہے۔ یعنی یہ دونوں ہی پوری اننگز کے سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمٰن نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں۔ عبادت حسین اور تیج الاسلام نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یوں سیریز کا اختتام بنگلہ دیش کی کامیابی کے ساتھ ہوا، لیکن بحیثیت مجموعی یہ اس کے لیے ایک ناکام دورہ رہا۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے علاوہ ون ڈے سیریز میں بھی شکست کھائی۔

عفیف حسین کو میچ اور سکندر رضا کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کے اعزازات ملے۔