سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کی ایک اور فتح، آسٹریلیا پھر نامراد

2 1,041

سری لنکا نے مہیلا جے وردھنے کی آل راؤنڈ کارکردگی اور اجنتھا مینڈس کی ریکارڈ ساز باؤلنگ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں بھی شکست دے کر سیریز 2-0 سے جیت لی۔ اس میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا اور بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں کے درمیان زبردست جنگ دکھائی دی۔ مذکورہ دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ شین واٹسن کی شعلہ فشاں اننگز، جوش ہیسٹنگز کی عمدہ باؤلنگ اور کیمرون وائٹ کی میچ بچانے کی ناکام کوشش میچ کی اہم جھلکیاں رہیں۔

شین واٹسن کی شاندار اننگز بھی آسٹریلین بیڑے کو پار نہ لگا سکی
شین واٹسن کی شاندار اننگز بھی آسٹریلین بیڑے کو پار نہ لگا سکی

پالی کیلے کے مرلی دھرن انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا لیکن سوائے مہیلا جے وردھنے کے سری لنکا کا کوئی بلے باز قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ مہیلا بدقسمتی سے اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے اور 63 گیندوں پر 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد گیند کو باؤنڈری کی راہ دکھانے کی کوشش میں بریٹ لی کا شکار ہو گئے۔ ان کی اننگز میں ایک بلند و بالا چھکا اور 12 خوبصورت چوکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ کمار سنگاکارا (24 رنز) اور دنیش چندیمال (13 رنز) واحد کھلاڑی تھے جن کی اننگ دوہرے ہندسے میں داخل ہو سکی اور سری لنکا کا کوئی دوسرا بلے باز یہ 'کارنامہ' بھی انجام نہ دے سکا۔ گزشتہ میچ کے سنچورین کپتان تلکارتنے دلشان 4، تھیسارا پیریرا 9، جیون مینڈس 1، اینجلو میتھیوز 5، دلروون پیریرا 0 اور نووان کولاسیکرا 4 رنز بنا سکے۔

سری لنکا جو ایک لمحے پر 200 رنز کو حاصل کرتا دکھائی دے رہا تھا جوش ہیسٹنگز اور بریٹ لی کی اچھی باؤلنگ کی بدولت 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 157 رنز بنا سکا جو وکٹ دیکھتے ہوئے دفاع کرنے کے قابل ہدف لگ رہا تھا۔ پھر سری لنکا کے باؤلرز نے بلے بازوں کی اس کوشش کو رائیگاں نہیں جانے دیا اور اپنی اہلیت کو بھی ثابت کر دکھایا۔

بریٹ لی اور جوش ہیسٹنگز نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسٹیون او کیف، مچل جانسن اور اسٹیون اسمتھ کو 1،1 وکٹ ملی۔

جواب میں آسٹریلیا نے ابتدائی اوورز میں سری لنکن باؤلنگ کا جنازہ نکال دیا۔ شعلہ فشاں بلے باز شین واٹسن نے ساتھی ڈیوڈ وارنر کے ساتھ مل کر محض 6 اوورز میں 73 رنز جوڑے۔ لیکن چھٹے اوور کی آخری گیند پر انہی کی وکٹ تھی جس کے گرتے ہی سری لنکا میچ میں واپس آ گیا اور اسے میچ میں واپس لانے کا کارنامہ انجام دیا اجنتھا مینڈس سے۔ واٹسن نے محض 24 گیندوں پر 5 بلند و بالا چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے۔

اس صورتحال میں مینڈس نے مستقل وکٹیں گرا کر آسٹریلیا کی امیدوں کے چراغوں کو گل کر دیا۔ انہوں نے شین واٹسن کے علاوہ ڈیوڈ وارنر، شان مارش، اسٹیون اسمتھ، بریڈ ہیڈن اور مچل جانسن کی اہم وکٹیں حاصل کر کے نہ صرف سری لنکا کو فتح سے ہمکنار کیا بلکہ ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ بنایا۔ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی کی بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ پاکستان کے عمر گل کے پاس تھا جنہوں نے 6 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ مینڈس نے 6 وکٹوں کے حصول کے لیے محض 16 رنز دیے۔

واٹسن کے 57 رنز کے علاوہ کپتان کیمرون وائٹ نمایاں بلے باز رہے جو آخری اوور میں اس وقت آؤٹ ہوئے جب آسٹریلیا کو 5 گیندوں پر 10 رنز درکار تھے اور اُن کی موجودگی میں آسٹریلیا کی فتح کے امکانات کسی حد تک روشن تھے لیکن تھیسارا پیریرا نے آخری اوور کی دوسری گیند پر انہیں بولڈ کر کے میچ سری لنکا کے حق میں پلٹ دیا۔

جب مقررہ 20 اوورز ختم ہوئے تو آسٹریلیا کا اسکور 149 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ تھا یوں سری لنکا 8 رنز سے فتح یاب ہوا۔

اجنتھا مینڈس کو ریکارڈ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے کامیاب اختتام کے بعد سری لنکا اب 5 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں مہمان آسٹریلیا کا سامنا کرے گا جس کا پہلا معرکہ 10 اگست کو پالی کیلے ہی میں ہوگا۔

سری لنکا بمقابلہ آسٹریلیا(دوسرا ٹی ٹوئنٹی)
بتاریخ: 8 اگست 2011ء بمقام: پالی کیلے بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم، کینڈی
نتیجہ: سری لنکا 8 رنز سے فتحیاب

سری لنکا رنز گیندیں چوکے چھکے
مہیلا جے وردھنے ک ڈیوڈ ہسی ب بریٹ لی 86 63 12 1
تلکارتنے دلشان ایل بی ڈبلیو بریٹ لی 4 6 0 0
دنیش چندیمال ک اور ب اسٹیون اسمتھ 13 11 2 0
تھیسارا پریرا ک شین واٹسن ب جان ہیسٹنگز 9 6 1 0
کمار سنگاکارا ک کیمران وائٹ ب جان ہیسٹنگز 24 16 1 1
جیوان مینڈس ب جان ہیسٹنگز 1 4 0 0
انجیلو میتھیوس ب جان ہیسٹنگز 5 4 1 0
دلروان پریرا ک اسٹیون اسمتھ ب اسٹیو اونیف 0 3 0 0
نووان کولاسکرا ب بریٹ لی 4 6 0 0
رنگانا ہیراتھ آؤٹ نہیں ہوئے 1 1 0 0
اجنتھا میڈنس آؤٹ نہیں ہوئے 0 1 0 0
فاضل رنز (2 لیگ بائے، 7 وائڈ، 1 نوبال) 10
مجموعہ (20 اوورز میں 9 کھلاڑی آؤٹ) 157
آسٹریلیا اوورز میڈن رنز وکٹ
بریٹ لی 4 0 39 3
اسٹیو اونیف 4 0 33 1
مچل جانسن 4 0 35 1
اسٹیون اسمتھ 3 0 27 1
ڈیوڈ ہسی 1 0 7 0
جان ہیسٹنگز 4 0 14 3
آسٹریلیا رنز گیندیں چوکے چھکے
شین واٹسن ک تھیسارا پریرا ب اجنتھا مینڈس 57 24 6 5
ڈیوڈ وارنر ک مہیلا جے وردھنے ب اجنتھا مینڈس 16 18 2 0
ڈیوڈ ہسی ب رنگانا ہیراتھ 2 3 0 0
شان مارش اسٹمپ کمار سنگاکارا ب اجنتھا مینڈس 0 3 0 0
کیمرون وائٹ ب تھیسارا پریرا 39 32 1 3
اسٹیون اسمتھ ب اجنتھا مینڈس 12 19 1 0
بریڈ ہیڈن ب اجنتھا مینڈس 0 1 0 0
مچل جانسن ب اجنتھا مینڈس 7 11 0 0
اسٹیو اونیف رن آؤٹ (مہیلا جے وردھنے / اجنتھا مینڈس) 1 1 0 0
جان ہیسٹنگز آؤٹ نہیں ہوئے 3 6 0 0
بریٹ لی آؤٹ نہیں ہوئے 4 3 0 0
فاضل رنز (4 بائے، 2 لیگ بائے، 1 وائڈ، 1 نوبال) 8
مجموعہ (20 اوورز میں 9 کھلاڑی آؤٹ) 149
سری لنکا اوورز میڈن رنز وکٹ
نووان کولسکرا 3 0 26 0
تھیسارا پریرا 2 0 21 1
دلروان پریرا 3 0 26 0
رنگانا ہیراتھ 4 0 31 1
اجنتھا مینڈس 4 1 16 6
جیوان مینڈس 4 0 23 0