محمد یوسف کے لیے تمغۂ حسن کارکردگی، ثناء میر کے لیے ستارۂ امتیاز
حکومت پاکستان نے معروف بلے باز محمد یوسف کو تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا ہے جبکہ ایشین چیمپئن پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ثناء میر اور پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈرز عبد الرزاق کو ستارۂ امتیاز دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کھلاڑیوں کو اعلیٰ قومی اعزازات ملنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے اور ان کی خدمات کو سراہا ہے۔
90 ٹیسٹ مقابلوں میں 52.29 کی اوسط سے 7530 رنز بنانے والے محمد یوسف حالیہ دورۂ زمبابوے کے لیے تو کرکٹ بورڈ کی نظر کرم کے حقدار نہ ٹھیرے لیکن حکومت پاکستان کی جانب سے ان کی خدمات کا اعتراف تمغہ حسن کارکردگی کے ذریعے کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ثناء میر کو ستارۂ امتیاز سے نوازا گیا ہے، جن کی زیر قیادت پاکستان نے حالیہ ایشین گیمز میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ علاوہ ازیں بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عبد الرزاق بھی ستارۂ امتیاز کے حقدار قرار پائے ہیں، جن کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان کئی عالمی اعزازات حاصل کر چکا ہے۔
تینوں کھلاڑیوں کو اگلے سال یوم پاکستان پر یعنی 23 مارچ کو ایوان صدر میں منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران اعزازات سے نوازا جائے گا۔