سری لنکا آسٹریلیا پہلے ٹیسٹ کی پچ ناقص قرار، میچ ریفری نے آئی سی سی کو رپورٹ بھیج دی
بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے سری لنکا اور آسٹریلیا کے مابین کھیلے گئے حالیہ ٹیسٹ میچ میں استعمال ہونے والی پچ کو ناقص قرار دیا ہے۔
گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم کی وکٹ پہلے روز ہی شکستہ نظر آ رہی تھی اور گیند کا ٹپہ جہاں پڑتا وہاں سے دھول اور پچ کے ٹکڑے اڑتے دکھائی دیے۔ یہی وجہ ہے کہ میچ میں بہت کم رنز بنے اور آسٹریلیا تمام تر زور لگانے کے بعد پہلی اننگز میں 273 رنز بنا سکا جبکہ میزبان سری لنکا محض 105 رنز پر ڈھیر ہو گیا۔ دوسری اننگز میں آسٹریلیا نے 210 رنز بنا کر سری لنکا کو 379 رنز کا مشکل ہدف دیا جس کے جواب میں سری لنکا محض 253 رنز بنا سکا اور میچ 125 رنز سے آسٹریلیا کے نام رہا۔
ٹیسٹ میں میچ ریفری کی ذمہ داری نبھانے والے کرس براڈ نے پچ کو ناقص قرار دیا ہے اور اس ضمن میں تمام تر وڈیو شواہد اور میزبان بورڈ کی جانب سے پیش کردہ رپورٹوں کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ جائزے کی ذمہ داری آئی سی سی کے جنرل مینیجر کرکٹ ڈیو رچرڈسن اور آئی سی سی چیف میچ ریفری رنجن مدوگالے کی ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے میچ ریفری کی رپورٹ کی ایک نقل سری لنکا کرکٹ کے حوالے کر دی ہے، جس کا جواب انہیں 14 روز میں دینا ہوگا۔
آئی سی سی نے 2006ء میں پچ اینڈ آؤٹ فیلڈ مانیٹرنگ پروسس کا اعلان کیا تھا جو تمام ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلوں کا احاطہ کرتا ہے۔
اگر آئی سی سی نے حتمی فیصلے میں پچ کو انتہائی ناقص قرار دیا تو خدشہ ہے کہ گال میں بین الاقوامی میچز کے انعقاد پر کچھ عرصے کے لیے پابندی لگ جائے۔