دورۂ جنوبی افریقہ؛ آسٹریلیا کے ایک روزہ و ٹی ٹوئنٹی دستوں کا اعلان

آسٹریلیا نے اگلے ماہ جنوبی افریقہ کے اہم دورے کے لیے ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی دونوں طرز کی کرکٹ کے لیے 14 رکنی الگ الگ دستوں کا اعلان کر دیا ہے جو پروٹیز جیسے سخت حریف کا سامنا کرے گا۔ اعلان کردہ دستے میں مچل جانسن ٹی ٹوئنٹی اور ڈیوڈ ہسی ایک روزہ ٹیموں میں موجود نہیں ہیں۔
عارضی سلیکشن پینل کی جانب سے منتخب کیے گئے دستے نے ایک روزہ دستے کی قیادت مائیکل کلارک اور ٹی 20 کی کپتانی بدستور کیمرون وائٹ کو دی۔

آسٹریلیا کے اعلان کردہ ٹی ٹوئنٹی دستے میں مچل مارش بھی شامل ہیں جو اپنے والد جیف مارش اور بڑے بھائی شان مارش کے بعد آسٹریلیا کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کر سکتے ہیں۔ مچل مارش ہی کی زیر قیادت آسٹریلیا نے 2010ء میں انڈر 19 ورلڈ کپ جیتا تھا۔
ان کے علاوہ آسٹریلیا نے ایک اور نوجوان 18 سالہ تیز گیند باز پیٹرک کمنز کو ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میں جگہ دی ہے اور اگر انہیں سیریز میں موقع دیا گیا تو وہ ایک روزہ کی تاریخ میں آسٹریلیا کے کم عمر ترین کرکٹر بن سکتے ہیں۔
دوسری جانب وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ اور ان کے متبادل ٹم پین کی انگلی زخمی ہونے کے باعث میتھیو ویڈ کو ٹی ٹوئنٹی دستے میں جگہ دی گئی ہے۔ 23 سالہ ویڈ گزشتہ سال سے آسٹریلیا اے کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔
مچل جانسن کو ٹی ٹوئنٹی میں توقعات کے مطابق کارکردگی پیش نہ کرنے کے باعث باہر کیا گیا ہے اور ان پر ڈوگ بولنجر کو ترجیح دی گئی ہے۔ دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی دستے کے اہم رکن ڈیوڈ وارنر کو 2 سال کے بعد ایک روزہ کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے۔ انہیں آسٹریلیا اے کے دورۂ زمبابوے میں زبردست کارکردگی کے باعث ایک روزہ ٹیم میں واپس طلب کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا دورۂ جنوبی افریقہ میں 13 اور 16 اکتوبر کو کیپ ٹاؤن اور جوہانسبرگ میں دو ٹی ٹوئنٹی کھیلے گا جس کے بعد تین ایک روزہ مقابلے سنچورین، پورٹ ایلزبتھ اور ڈربن میں ہوں کے۔ کیپ ٹاؤن اور جوہانسبرگ نومبر کے اوائل میں دو ٹیسٹ میچز کی میزبانی کریں گے جس کے لیے آسٹریلیا کے دستے کا اعلان آنے والے ہفتوں میں کیا جائے گا۔
جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے اعلان کردہ دستے ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:
ایک روزہ دستہ: مائیکل کلارک (کپتان)، اسٹیون اسمتھ، بریٹ لی، بریڈ ہیڈن، پیٹرک کمنز، جیمز پیٹن سن، ڈوگ بولنجر، ڈیوڈ وارنر، رکی پونٹنگ، زاویئر ڈوہرٹی، شان مارش، شین واٹسن، مائیکل ہسی اور مچل جانسن۔
ٹی ٹوئنٹی دستہ: کیمرون وائٹ (کپتان)، آرون فنچ،اسٹیو او کیف، اسٹیون اسمتھ، بریٹ لی، پیٹرک کمنز، جیمز پیٹن سن، ڈوگ بولنجر،ڈیوڈ وارنر، ڈیوڈ ہسی، شان مارش، شین واٹسن، مچل مارش اور میتھیو ویڈ۔