راولپنڈی نے ملتان کو زیر کر لیا، سیمی فائنل کی جانب پیش قدمی

1 1,000

فیصل بینک قومی ٹی ٹوئنٹی کپ 2011ء میں راولپنڈی ریمز نے ملتان ٹائیگرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جمعرات کو کھیلے گئے مقابلے میں تیز گیند باز محمد رمیز کی ہیٹ ٹرک اور بلے باز اویس ضیاء کی نصف سنچری نمایاں رہیں جنہوں نے سپر ایٹ ٹی ٹوئنٹی کی فاتح راولپنڈی کی ٹیم کو ایک اہم فتح سے ہمکنار کیا۔

سہیل تنویر کی زیر قیادت راولپنڈی کی عمدہ کارکردگی کا تسلسل جاری ہے (تصویر: Faysal Cricket)
سہیل تنویر کی زیر قیادت راولپنڈی کی عمدہ کارکردگی کا تسلسل جاری ہے (تصویر: Faysal Cricket)

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرنے والے ملتان ٹائیگرز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔ گلریز صدف اور انصر جاوید 35، 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کامران حسین نے 32 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بلے باز قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا اور صرف اوپنر زین عباس ہی 13 رنز کے ساتھ دہرے ہندسے میں داخل ہوئے۔

راولپنڈی کی مضبوط باؤلنگ لائن اپ نے بہت ہی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا خصوصا سمیع اللہ اور یاسم مرتضیٰ نے ابتدائی بلے بازوں کو ٹھکانے لگا کر ملتان کو شدید نقصان پہنچا اور بعد ازاں محمد رمیز لوئر آرڈر پر چڑھ دوڑے اور اننگز کے 19 ویں اوور میں مسلسل تین گیندوں پر کامران حسین، شبیر احمد اور محمد ارشاد کی وکٹیں حاصل کر کے ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کیا۔ ان سے قبل وہ وہ اوپنر زین عباس کی بھی وکٹ حاصل کر چکے تھے۔یوں انہوں نے میچ میں 4 اوورز میں ایک میڈن کے ساتھ محض 24 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کی وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں ابتداء ہی میں اوپنر نوید ملک (3 رنز) کا نقصان اٹھانے کے بعد راولپنڈی ریمز کے اویس ضیاء اور طاہر مغل نے 84 رنز کی فتح گر شراکت قائم کی۔ اویس ضیاء نے 30 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے52 رنز بنائے اور یہ ان کی تیز رفتار اننگز ہی تھی کہ جب وہ 11 ویں اوور کی پہلی گیند پر آؤٹ ہوئے تو راولپنڈی 92 رنز کے ساتھ انتہائی مضبوط پوزیشن میں تھا۔ گو کہ ایک گیند کے بعد راولپنڈی کو طاہر مغل کی وکٹ بھی گنوانی پڑی، جو 27 گیندوں پر ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنانےمیں کامیاب ہوئے لیکن ان دونوں کی عمدہ بلے بازی نے راولپنڈی کے ہاتھوں سے مقابلہ نکلنے نہ دیا اور 18.4 اوورز میں محض 5 وکٹوں کے نقصان پر اس نے 152 رنز کے ہدف کو جا لیا۔

ملتان ٹائیگرز کی جانب سے محمد زاہد نے 2 اور محمد ارشاد اور کامران حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

محمد رمیز کو عمدہ گیند بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس شکست کے ساتھ ہی قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں ملتان کا سفر تقریباً تمام ہوا کیونکہ اسے کھیلے گئے دونوں مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس کا آخری مقابلہ آج (جمعہ کو) افغان چیتاز سے ہوگا۔ جبکہ راولپنڈی ریمز آج فیصل آباد وولفز کے خلاف اہم مقابلہ کھیلے گا جس میں فتح اس کی سیمی فائنل تک رسائی کو یقینی بنا دے گی۔