افغان لڑکھڑا گئے، بازی فیصل آباد کے نام

1 1,001

فیصل آباد وولفز نے افغان چیتاز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 13 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا اور ساتھ ہی یہ بھی ظاہر کر دیا کہ افغانستان کو بین الاقوامی کرکٹ میں آگے بڑھنے کے لیے ابھی طویل سفر درکار ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی زیر قیادت فیصل آباد کی ٹیم نے بلے بازی میں اوسط کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد صرف دباؤ جھیلنے کا تجربہ رکھنے کی وجہ سے مہمان افغان ٹیم کو زیر کیا، جسے ایک موقع پر 8 اوورز میں فتح کے لیے محض 44 رنز درکار تھے اور اُس کی 8 وکٹیں باقی تھیں لیکن اس کے باوجود فیصل آباد نے زبردست جوابی حملہ کرتے ہوئے فتح کو افغانوں کے جبڑے سے چھین لیا۔

افغان بلے باز دباؤ نہ جھیل سکے اور ابتداء میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے باوجود ناکام رہے (تصویر: Faysal Cricket)
افغان بلے باز دباؤ نہ جھیل سکے اور ابتداء میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے باوجود ناکام رہے (تصویر: Faysal Cricket)

فیصل آباد وولفز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور وکٹ کیپر محمد سلمان کے 32 اور اوپنر آصف حسین کے 30 رنز کے ساتھ مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر محض 145 رنز بنائے جو افغان چیتاز کی مضبوط بیٹنگ کے سامنے ایک معمولی اسکور دکھائی دیتا تھا۔ افغان ٹیم نے گیند بازی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور فیصل آباد کی مضبوط ٹیم کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ محمد نبی نے 2 جبکہ حامد حسن، گلبدین نائب، نسیم خان اور کریم صادق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں افغان چیتاز نے 17 رنز پر دونوں اوپنرز سے محرومی کے باوجود زبردست کم بیک کیا۔ گلبدین نائب اور کریم صادق نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں افغان ٹیم کی پوزیشن کو بہت مضبوط کر دیا۔ دونوں نے تیسری وکٹ پر 85 رنز کی زبردست شراکت قائم کی اور 12 ویں اوور کی آخری گیند پر افغان چیتاز کے 102 رنز پر محض 2 کھلاڑی آؤٹ تھے۔ اس شراکت میں اہم حصہ گلبدین کا تھا جنہوں نے 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے محض 42 گیندوں 68 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی۔ کریم صادق نے گو کہ کچھ سست روی کے ساتھ، لیکن ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ 12 ویں اوور کی آخری گیند پر سعید اجمل نے گلبدین نائب کو ٹھکانے لگایا اور اگلی ہی گیند پر کریم صادق عمران خان کا نشانہ بنے تو گویا بند ٹوٹ گیا۔ افغان چیتاز کا کوئی بلے باز اس کے بعد دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہو سکا۔ اعصاب شکن لمحات میں فیصل آباد نے نہ صرف عمدہ باؤلنگ کی بلکہ اچھی فیلڈنگ کا بھی مظاہرہ کیا۔ کریم صادق کے آؤٹ ہونے کے بعد گرنے والی 5 میں سے 3 وکٹیں رن آؤٹ کی صورت میں حاصل ہوئی۔

146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان چیتاز مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 132 رنز ہی بنا پایا اور یوں افغان چیتاز ایک اور شکست سے دوچار ہوا۔
افغان چیتاز کے گلبدین نائب کو عمدہ بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مہمان ٹیم آج (جمعہ کو) اپنا آخری میچ ملتان ٹائیگرز کے خلاف کھیلے گی جبکہ فیصل آباد وولفز کا راولپنڈ ریمز کے خلاف اہم میچ بھی آج ہی ہوگا۔ اس وقت فیصل آباد اور راولپنڈی کی ٹیمیں دونوں مقابلوں میں فتوحات کے باعث 4،4 پوائنٹس کی حامل ہیں اور آج دونوں کا مقابلہ بلاشبہ کوارٹر فائنل کا درجہ رکھتا ہے۔