سلیم ملک کو دورۂ سری لنکا سے روک دیا گیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیم ملک کو ویٹرنز کرکٹ ٹیم کے دورۂ سری لنکا سے روک دیا۔
ویٹرنز کرکٹ ٹیم آج (جمعہ کو) سری لنکا روانہ ہو رہی ہے جہاں وہ 4 ایک روزہ مقابلوں میں میزبان ٹیم کا سامنا کرے گی۔

ذرائع کے مطابق اعلان کردہ دستے میں سلیم ملک کی شمولیت پر چند حلقوں سے اعتراضات اٹھائے تھے جس پر پی سی بی نے خاموشی سے سلیم ملک کو دستے سے باہر کر دیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان ندیم سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں دورہ کرنے سے نہیں روکا۔
سلیم ملک میچ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے کے باعث طویل پابندی کا سامنا کر چکے ہیں اور انہی معاملات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کہ کہیں بین الاقوامی کرکٹ کونسل اور سری لنکا کرکٹ کو سلیم ملک کی شمولیت پر اعتراض نہ ہو، حفظ ما تقدم کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
دورۂ سری لنکا کے لیے پاکستان ویٹرنز ٹیم کی قیادت فواد اعجاز کر رہے ہیں جبکہ عاشق قریشی ان کے نائب ہوں گے۔
دیگر کھلاڑیوں میں رضوان نثار، رفیق غنی، سید ابصار حسین، عثمان حق، غفار کاظمی، محمد شریف، منصور اختر، نجیب صادق، ندیم عمر اور دیگر شامل ہیں۔