راولپنڈی پشاور کو روندتے ہوئے فائنل میں پہنچ گیا

1 1,016

راولپنڈی ریمز پشاور پینتھرز کو 77 رنز سے با آسانی شکست دیتے ہوئے فیصل بینک قومی ٹی ٹوئنٹی کپ 2011ء کے فائنل تک پہنچ گیا ہے۔ رواں سال کھیلے گئے فیصل بینک سپر ایٹ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں اپنی شاندار کارکردگی سے سب کو حیران کر دینے والے راولپنڈی ریمز کی فتوحات کا تسلسل قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں بھی جاری ہے جہاں وہ اب تک کسی مقابلے میں شکست سے دوچار نہیں ہوا۔ سہیل تنویر کی زیر قیادت راولپنڈی نے ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں نہ صرف عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا بلکہ نپی تلی گیند بازی کے ذریعے پشاور کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں فیصل بینک نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2011ء کے دوسرے سیمی فائنل میں پشاور پینتھرز نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس نے ایک روز قبل ہی مقامی فیورٹ کراچی ڈولفنز کو شکست سے دوچار کر کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی لیکن اِن فارم راولپنڈی ریمز کے سامنے ان کی ایک نہ چلی۔ جنہوں نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پشاور کی عمدہ گیند بازی کے باوجود عمر امین، نوید ملک اور سہیل تنویر کی کوششوں کے ذریعے اسکور کارڈ پر ایک قابل ذکر مجموعہ یعنی 168 حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا اور جواب میں پینتھرز کی کمزور بیٹنگ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں محض 91 رنز پر ٹھکانے لگا دیا۔

راولپنڈی کی جانب سے عمر امین 26 گیندوں پر 30 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ کپتان سہیل تنویر نے 17 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 26 رنز بنائے اور نوید ملک 25 رنز بنا کر تیسرے نمایاں بلے باز رہے۔

پشاور کی جانب سے زوہیب خان نے تین اور نعمان حبیب اور نور الامین نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کپتان عمر گل اور ناصر احمد ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے مین کامیاب رہے۔

169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور کے بلے باز حماد اعظم، عمر امین اور محمد رمیز تباہ کن گیند بازی کو نہ سہہ سکے اور محض 16 اوورز ہی میں 91 رنز پر پوری ٹیم ڈھیر ہو گئی۔ اوپنر رفعت اللہ مہمند ہی 33 رنز کے ساتھ قابل ذکر مزاحمت کر سکے۔ ان کے علاوہ صرف دو بلے باز گوہر علی اور نعمان حبیب دہرے ہندسے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے جبکہ دیگر تمام بلے باز راولپنڈی کے حملوں کو نہ سہہ سکے۔

راولپنڈی ریمز کی جانب سے عمر امین اور حماد اعظم نے 3،3 جبکہ محمد رمیز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ایک وکٹ سمیع اللہ کو ملی۔

عمر امین کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی اب فیصل بینک نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2011ء اپنے حتمی مرحلے یعنی فائنل تک پہنچ چکا ہے جو اتوار کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں چار مرتبہ کی چیمپئن سیالکوٹ اسٹالینز اور سپر ایٹ 2011ء کی فاتح راولپنڈی ریمز کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے فائنل کے لیے تمام جنرل انکلوژرز میں داخلہ مفت کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ دیگر انکلوژرز کے لیے ٹکٹ فیصل بینک اور نیشنل اسٹیڈیم میں دستیاب ہوں گے۔