اینڈرسن دورۂ بھارت کے لیے منتخب نہ ہونے پر مایوس
انگلستان کے تیز گیند باز دورۂ بھارت کے لیے ٹیم میں منتخب نہ کیے جانے پر مایوس ضرور ہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ انہیں برصغیر کی دھیمی وکٹوں پر خود کو ثابت کرنے کی ضرورت ہے۔
انگلستان 5 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کی سیریز کھیلنے کے لیے رواں ماہ بھارت پہنچ رہا ہے جس کے لیے چند روز قبل ہی دستے کا اعلان کیا گیا ہے جس میں جمی اینڈرسن کو جگہ نہیں دی گئی۔
برصغیر میں ہونے والے عالمی کپ 2011ء میں اینڈرسن اپنی ٹیم کی طرح مکمل طور پر ناکام رہے۔ بحیثیت مجموعی بھارت میں ان کی ناقص کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے 17 مقابلوں میں 51.12 کے بھاری اوسط سے محض 16 وکٹیں حاصل کی ہیں جس میں میزبان بھارت کے خلاف 12 وکٹیں بھی شامل ہیں۔
یہی کارکردگی غالباً جمی کے ذہن میں بھی ہے اس لیے وہ خود کو ثابت کرنے کی ضرورت کو محسوس کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ تین مہینے کا آرام بہت اچھا ہے اور اس سے آنے والے سخت سال کے لیے تیاری کا موقع ملا ہے۔ تاہم وہ اس خطرے کو بھی محسوس کر رہے ہیں کہ ٹیم میں عدم موجودگی ان کی مستقل جگہ کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیونکہ اس وقت بہت سخت مقابلہ ہے اس لیے شاید دورۂ بھارت کی خواہش کی ایک اور وجہ یہی ہو۔ یہ ٹیم کے لیے بہت بہتر ہے لیکن بحیثیت باؤلر مجھے ہمہ وقت مستعد رہنا پڑے گا۔
دورۂ بھارت میں پانچ ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کے سلسلے کا پہلا معرکہ 14 اکتوبر کو حیدرآباد میں ہوگا جبکہ دورے کا اختتام 29 اکتوبر کو کولکتہ میں واحد ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے سے ہوگا۔