انگلستان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی اور آخری 3 ایک روزہ مقابلوں کے لیے بھارتی دستے کا اعلان

1 1,001

بھارت نے انگلستان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی اور آخری 3 ایک روزہ مقابلوں کے لیے دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں رابن اُتھپّا کو ایک مرتبہ پھر طلب کر لیا گیا ہے جبکہ ہربھجن سنگھ بدستور باہر رہیں گے۔ رابن نے آخری مرتبہ 3 سال قبل ایشیا کپ 2008ء میں بھارت کی نمائندگی کی تھی جبکہ ہربھجن حالیہ دورۂ انگلستان کے وسط سے واپس آ گئے تھے۔ دوسری جنب شعلہ فشاں بلے باز یوسف پٹھان کو بھی ٹیم میں واپس بلایا گیا ہے۔

اوپنر گوتم گمبھیر اپنی شادی کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے جو 29 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ ایک روزہ سیریز میں نمائندگی کرنے والے پارتھیو پٹیل بھی دستے میں شامل نہیں ہیں جبکہ بقیہ 3 ایک روزہ مقابلوں کے لیے موجودہ دستے کو برقرار رکھا گیا ہے۔

ہربھجن سنگھ تاحال سلیکشن کمیٹی کی نظرِ کرم کے منتظر (تصویر: Getty Images)
ہربھجن سنگھ تاحال سلیکشن کمیٹی کی نظرِ کرم کے منتظر (تصویر: Getty Images)

ہربھجن سنگھ کو تاحال ٹیم میں واپس نہیں بلایا گیا، دورۂ انگلستان میں ناقص کارکردگی کے بعد سے وہ ٹیم انتظامیہ و سلیکشن کمیٹی کی جانب سے عتاب کا شکار ہیں اور ایک روزہ مرحلے کے لیے بھی انہیں طلب نہیں کیا گیا تھا۔

بقیہ تین ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کے لیے بھارت کا دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا (بلحاظ حروف تہجی):

مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، اجنکیا راہانے، اُمیش یادیو، پارتھیو پٹیل، پروین کمار، راہول شرما، روی چندر آشوِن، رویندر جدیجا، سری ناتھ اروِنڈ، سریش رائنا، گوتم گمبھیر، منوج تیواری، ورون آرون، وِنے کمار اور ویرات کوہلی۔

واحد ٹی ٹوئنٹی کے لیے بھارتی کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں (بلحاظ حروف تہجی):

مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، سریش رائنا، اجنکیا راہانے، ویرات کوہلی، یوسف پٹھان، رابن اُتھپا، روی چندر آشوِن، رویندر جدیجا، پروین کمار، وِنے کمار، اُمیش یادیو، منوج تیواری، راہول شرما اور سری ناتھ اروِنڈ۔