پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے سری لنکن دستے کا اعلان، مالنگا شامل

1 1,010

سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز کے مرحلے کے لیے اپنے 15 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے اور تیز گیند باز لاستھ مالنگاکی واپسی سے سری لنکن باؤلنگ لائن اپ کو زبردست سہارا ملنے کی توقع ہے جو اب تک پاکستان کے خلاف کوئی قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکی۔

5 ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کا آغاز 11 نومبر سے ہوگا جب دونوں ٹیمیں دبئی اسپورٹس سٹی کے خوبصورت میدان میں ڈے/نائٹ مقابلہ کھیلیں گی۔

لاستھ مالنگا کی آمد سری لنکن باؤلنگ لائن کو طاقتور بنا دے گی
لاستھ مالنگا کی آمد سری لنکن باؤلنگ لائن کو طاقتور بنا دے گی

سری لنکا نے پاکستان سے نبرد آزما اپنے ٹیسٹ دستے میں سات تبدیلیاں کر کے ایک روزہ ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔ ٹیسٹ مرحلے کے اختتام پر وطن واپسی کا سفر کرنے والوں میں رنگانا ہیراتھ، تھارنگا پرناوتنا اور لاہیرو تھریمانے شامل ہوں گے جبکہ متحدہ عرب امارات کے صحراؤں میں پاکستانی شاہینوں کا سامنا کرنے کے لیے آنے والوں میں مالنگا کے علاوہ دلہارا فرنانڈو اور اوپل تھارنگا شامل ہوں گے۔ سری لنکا نے نوجوان شامنڈا ایرنگا کے زخمی ہونے کے باعث ٹیم میں طلب کیے گئے آل راؤنڈر کوسالا کولاسیکرا کو ایک روزہ دستے میں بھی برقرار رکھا ہے لیکن چمارا سلوا،اجنتھا مینڈس اور نووان کولاسیکرا کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

عالمی کپ 2011ء کا فائنل ہارنے کے بعد سے سری لنکا مسلسل شکست کے گرداب میں ہے اور انگلستان اور آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز ہار چکا ہے اور اب اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ عالمی درجہ بندی میں اپنا مقام برقرار رکھنے کے لیے فتوحات کا تسلسل قائم کرے بصورت دیگر اسے اپنی دوسری پوزیشن سے ہاتھ دھونا پڑ جائیں گے۔

سری لنکا اس وقت پاکستان کے خلاف سیریز میں مشکلات کا شکار ہے اور دو ٹیسٹ مقابلوں کے اختتام پر اسے 1-0 کے خسارے کا سامنا ہے۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے (بلحاظ حروف تہجی):

تلکارتنے دلشان (کپتان)، اوپل تھارنگا، اینجلو میتھیوز، جیون مینڈس، دلہارا فرنانڈو، دنیش چندیمال، دھمیکا پرساد، دیموتھ کرونارتنے، سورج رندیو، سورنگا لکمل، سیکوگے پرسنا، کمار سنگاکارا، کوسالا کولاسیکرا، لاستھ مالنگا اور مہیلا جے وردھنے۔