کرس مارٹن نیوزی لینڈ کے سال کے بہترین کھلاڑی قرار، سر رچرڈ ہیڈلی میڈل جیت لیا

0 1,039

نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز کرس مارٹن نے پہلا 'سر رچرڈہیڈلی میڈل' جیت لیا۔

نیوزی لینڈ کے دارالحکومت آکلینڈ میں ہونے والے نیوزی لینڈ کرکٹ ایوارڈز ملک کی تاریخ کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے سر رچرڈ ہیڈلی کے نام سے موسوم ایک نئے اعزاز کا اضافہ کیا گیا ہے جو نیوزی لینڈ کرکٹ کے سال کے بہترین کھلاڑی کو دیا جائے گا اور پہلے سال اس اعزاز کو کرس مارٹن نے حاصل کیا ہے۔

کرس مارٹن ماضی کے عظیم گیند باز رچرڈ ہیڈلی سے نیوزی لینڈ کے سال کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز وصول کر رہے ہیں (تصویر: Andrew Cornaga / photosport.co.nz)
کرس مارٹن ماضی کے عظیم گیند باز رچرڈ ہیڈلی سے نیوزی لینڈ کے سال کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز وصول کر رہے ہیں (تصویر: Andrew Cornaga / photosport.co.nz)

ایوارڈ کے لیے مقررہ عرصے کے دوران کرس مارٹن نے 18 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کیں جبکہ اپنی مقامی ٹیم آکلینڈ کی جانب سے 31 اور نیوزی لینڈ 'اے' کی جانب سے 11 وکٹیں سمیٹیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے کرک نامہ کو موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق دیگر اہم اعزازات میں سال کے بہترین ٹی ٹوئنٹی، ایک روزہ اور ٹیسٹ کھلاڑی کے ایوارڈز بھی شامل تھے جو بالترتیب ٹم ساؤتھی، روز ٹیلر اور برینڈن میک کولم نے حاصل کیے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو جسٹن وان نے کرس مارٹن کو اس اعزاز کا حقدار قرار دیا ہے۔ بعد ازاں سر رچرڈ ہیڈلی نے اپنے نام سے منسوب یہ میڈل کرس مارٹن کے سپرد کیا۔