پاکستان کے خلاف محدود اوورز کے مرحلے کے لیے بنگلہ دیشی دستے کا اعلان

0 1,020

بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف محدود اوورز کے مرحلے کے لیے اپنے دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں تجربہ کار محمد اشرفل کو شامل نہیں کیا گیا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ سیریز میں ناسازی طبیعت کی وجہ سے نہ کھیل پانے والے محمود اللہ دوبارہ ٹیم میں واپس آ گئے ہیں جبکہ الیاس سنی کو بین الاقوامی کیریئر کے عمدہ آغاز کے باعث پاکستان کے خلاف بھی ملک کی نمائندگی کا موقع دیا گیا ہے۔

محمد اشرفل کو ایک روزہ کرکٹ میں ناقص کارکردگی کے باعث دستے میں جگہ نہیں دی گئی۔ جنوری 2010ء میں آخری سنچری داغنے کے بعد 18 مقابلوں میں ان کا اوسط محض 10.11 ہے اور انہوں نے زیادہ سے زیادہ 31 رنز بنائے ہیں۔

بنگلہ دیش عالمی کپ میں ملی جلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد سے اپنی اہلیت ثابت نہیں کر پایا
بنگلہ دیش عالمی کپ میں ملی جلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد سے اپنی اہلیت ثابت نہیں کر پایا

ٹیم میں ایک اہم شمولیت آل راؤنڈر فرہاد رضا کی ہے، وہ 2008ء کے بعد سے قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی سے محروم ہیں۔ بنگلہ دیش نے متنازع بھارتی کرکٹ لیگ (آئی سی ایل) میں شمولیت پر ان پر 10 سال کی پابندی عائد کر دی تھی تاہم 2009ء میں معافی مانگنے پر واپس اٹھا لی گئی۔ وہ حال ہی میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنے والے بنگلہ دیش اے کے دستے کا بھی حصہ تھے۔ اسی دورے میں بنگلہ دیش اے کی نمائندگی کرنے والے شواگتا ہوم اور سہروردی شووو بھی پاکستان کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔

پاکستان سری لنکا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف ایک روزہ سیریز میں 4-1 کے بھاری مارجن سے کامیابی کے بعد سرزمین بنگلہ دیش پر اتر رہا ہے اس لیے مہمان ٹیم کے خلاف کارکردگی ظاہر کرنا بنگلہ دیش کے لیے بہت بڑا چیلنج ہوگا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا باضابطہ آغاز 29 نومبر سے واحد ٹی ٹوئنٹی سے ہوگا جس کے بعد دونوں ٹیمیں تین ایک روزہ مقابلے کھیلیں گی۔

سیریز میں بنگلہ دیش کی قیادت مشفق الرحیم کریں گے۔ دستے میں پانچ بلے بازی، پانچ آل راؤنڈرز، دو اسپن اور تین تیز گیند باز شامل ہیں۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے (بلحاظ حروف تہجی):

مشفق الرحیم (کپتان)، امر القیس، الوک کپالی، الیاس سنی، تمیم اقبال، روبیل حسین، شفیع الاسلام، شکیب الحسن، شہریار نفیس، عبد الرزاق، فرہاد رضا، محمود اللہ، ناصر حسین، نظم الحسین اور نعیم اسلام۔

 

بنگلہ دیش بمقابلہ پاکستان2011ء

محدود اوورز کا مرحلہ

تاریخ میدان وقت
29 نومبر بنگلہ دیش بمقابلہ پاکستان واحد ٹی ٹوئنٹی شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، میرپور 4 بجے شام
یکم دسمبر بنگلہ دیش بمقابلہ پاکستان پہلا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، میرپور ساڑھے 12 بجے
3 دسمبر بنگلہ دیش بمقابلہ پاکستان دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، میرپور ساڑھے 12 بجے
6 دسمبر بنگلہ دیش بمقابلہ پاکستان تیسرا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ ظہور احمد چودھری اسٹیڈیم، چٹاگانگ ساڑھے 12 بجے