متنازع انٹرویو پر محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس جاری

0 1,219

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کپتان محمد حفیظ کو متنازع انٹرویو دینے پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ محمدحفیظ کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں مشکوک باؤلنگ ایکشن کے حوالے سے آئی سی سی کی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا کہ کیسے ممکن ہے دوران باؤلنگ ایک انسانی آنکھ محض ایک ڈگری کے فرق کو دیکھ سکے؟

سابق کپتان نے اس متعلقہ قانون کے لاگو ہونے کے حوالے سے بھی سوال اٹھا کہ اس قانون پر عملدرآمد کے لیے دوہرا معیار اپنا جاتاہے جو کہ ناانصافی ہے۔ طاقتور اور مالی لحاظ سے مضبوط ممالک کے کھلاڑیوں کے لیے نرم گوشہ محسوس ہوتا ہے جبکہ دیگرز ممالک کو کڑی جانچ اور پابندیوں سے گزرنا پڑتا ہے۔

ویسے آئی سی سی کے مشکوک باؤلنگ ایکشن کے قانون پر اعتراض اٹھانے والے محمد حفیظ واحد نہیں ہے بلکہ اس سے پہلے سابق اسپن جادوگر سعید اجمل بھی سخت تنقید کرتے آئے ہیں کیونکہ عالمی درجہ بندی کے سرفہرست اس اسپن گیندباز کا شاندار کیریئر بھی اس قانون کی نظر ہو چکا ہے۔

آئی سی سی کے متعلقہ قانون کے علاوہ محمدحفیظ نے پی سی بی کے سلیکشن کے معیار پر بھی ہلکی پھلکی تنقید کی تھی کہ کئی قومی بلے بازوں سے بہتر کارکردگی کے باوجود مجھے ٹی20 اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ انٹرویوز کے ان تنقیدی پہلوؤں کی وجہ سے پی سی بی نے سابق کپتان کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 دن میں جواب طلب کر لیا ہے۔