[ویڈیوز] یووراج کی واپسی

1 1,044

کرکٹ میں فارم عارضی لیکن کلاس مستقل ہوتی ہے اور شاید یہی بات یووراج سنگھ پر ثابت آتی ہے۔ گزشتہ ماہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیسے اہم ترین اعزاز کے انتہائی قریب پہنچنے کے بعد جب بھارت شکست سے دوچار ہوا تو اس کا ملبہ 'یووی' پر ڈالا گیا اور ایسا محسوس ہوا کہ بس اب ان کے دور عروج کا خاتمہ ہوگیا۔ بالخصوص جب انڈین پریمیئر لیگ کے جاری ساتویں ایڈیشن میں رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے بھی کوئی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا پائے۔

راجستھان کے بعد دہلی کے خلاف فاتحانہ اننگز، کیا یووراج بالکل درست وقت پر فارم میں آئے ہیں؟ (تصویر: BCCI)
راجستھان کے بعد دہلی کے خلاف فاتحانہ اننگز، کیا یووراج بالکل درست وقت پر فارم میں آئے ہیں؟ (تصویر: BCCI)

لیکن جب آر سی بی اعزاز کی دوڑ سے باہر ہونے کے قریب پہنچ گیا تو یووراج نے دو مقابلوں میں دو فاتحانہ اننگز تراش کر نہ صرف بنگلور کی امیدوں کو برقرار رکھا ہے بلکہ اپنے ناقدین کو بھی بھرپور جواب دے دیا ہے۔

ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں دہلی ڈیئرڈیولز کے خلاف مقابلے میں صرف 29 گیندوں پر 68 رنز کی ناقابل شکست اننگز تراشنے والے یووراج میں گزشتہ شب ماضی کی جھلک دکھائی دی۔ اس موقع پر جب بنگلور 16 اوورز میں محض 115 رنز پر کھڑا تھا، یووراج کی شعلہ فشاں اننگز اسے 186 رنز کی کافی سے زیادہ مجموعے تک پہنچا گئی۔ یووراج کی طوفانی باری کی بدولت بنگلور نے آخری 4 اوورز میں 71 رنز لوٹے جن میں عمران طاہر کے اوور میں بننے والے 21 رنز کے علاوہ آخری اوورز میں راہول شکلا کو رسید کیے گئے 27 رنز بھی شامل تھے۔ شکلا کو یووراج نے چار شاندار چھکے رسید کیے۔

اپنے ہوم گراؤنڈ پر راجستھان کے بعد دہلی کو شکست دینے کے بعد بھی بنگلور اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر نچلی تین ٹیموں میں شامل ہے کیونکہ وہ اب تک کھیلے گئے 10 میں سے صرف 4 مقابلے ہی جیت پایا ہے لیکن اس کے باوجود اس کے آگے بڑھنے کے امکانات اب بھی روشن ہیں۔ بالخصوص جب ابراہم ڈی ولیئرز اور یووراج سنگھ جیسے کھلاڑی فارم میں آ جائیں تو ان امکانات ميں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔

بنگلور کے ساتھ آئندہ کیا ہوگا؟ یہ تو چنئی، حیدرآباد اور کولکتہ کے خلاف بقیہ میچز کے بعد ہی پتہ چلے گا لیکن تب تک آپ یووراج کی جانب سے لگائے گئے یہ شاندار چھکے دیکھیں جو ان کی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2007 ء کی کارکردگی کو یاد دلاتے ہیں۔