پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز؛ بنگلہ دیش نے تجربہ کار اشرفل کو طلب کر لیا

0 1,003

بنگلہ دیش نے محدود اوورز کے مرحلے کے تمام مقابلوں میں شکست کے بعد پاکستان کے خلاف تجربہ کار محمد اشرفل کو طلب کر لیا ہے ۔ میزبان بنگلہ دیش پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ مقابلوں پر مشتمل سیریز کھیلے گا جس کا آغاز 9 دسمبر سے چٹاگانگ میں پہلے ٹیسٹ سے ہو رہا ہے۔

محمد اشرفل ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے باہر کر دیے گئے تھے اور اب انہیں اپنی اہلیت ثابت کرنے کا ایک اور موقع ملا ہے (فائل فوٹو)
محمد اشرفل ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے باہر کر دیے گئے تھے اور اب انہیں اپنی اہلیت ثابت کرنے کا ایک اور موقع ملا ہے (فائل فوٹو)

مجموعی طور پر دستے میں گزشتہ سیریز کے مقابلے میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ نائب کپتان محمود اللہ دستے میں واپس آئے ہیں جو ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے کے باعث ویسٹ انڈیز کے لیے اکتوبر و نومبر میں ہوم سیریز نہیں کھیل پائے تھے۔ تیز گیند باز ربیع الاسلام اور بلے باز محمد ناظم الدین دستے میں شامل دیگر نئے اراکین ہیں جبکہ رقیب الحسن، امر القیس اور شیوگوتو ہوم کو باہر کر دیا گیا ہے۔

محمد اشرفل کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ مرحلے سے باہر کر دیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے نیشنل کرکٹ لیگ میں ڈھاکہ کی جانب سے کھیلتے ہوئے پانچ مقابلوں میں تین نصف سنچریاں اور ایک سنچری اسکور کی۔

محمود اللہ کو مکمل صحت یابی اور پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز کھیلنے کے بعد ایک مرتبہ پھر ٹیسٹ دستے میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ربیع الاسلام کو بنگلہ دیش 'اے' کے دورۂ ویسٹ انڈیز میں اور نیشنل کرکٹ لیگ میں سلہٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے عمدہ کارکردگی پر منتخب کیا گیا ہے۔ ناظم الدین کو نیشنل کرکٹ لیگ کے رواں سیزن کے چھ مقابلوں میں چار نصف سنچریاں اور ایک سنچری بنانے پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب امر القیس کا اخراج انتہائی ناقص کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے جنہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے تین ایک روزہ مقابلوں میں محض 53 اور دو ٹیسٹ مقابلوں میں صرف 61 رنز بنا پائے جبکہ نیشنل کرکٹ لیگ میں وہ کھلنا کی جانب سے دو اننگز میں صرف 31 اور پھر پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ مقابلوں میں 8 رنز ہی جوڑ سکے۔

دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا (نام بلحاظ حروف تہجی):

مشفق الرحیم (کپتان)، الیاس سنی،تمیم اقبال، ربیع الاسلام، روبیل حسین، سہروردی شووو، شکیب الحسن، شہادت حسین، شہریار نفیس، محمد اشرفل، محمود اللہ، ناصرحسین، محمد ناظم الدین، نظم الحسین اور نعیم اسلام۔