دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کا کامیاب آغاز، زمبابوے کو شکست
موجودہ عالمی چیمپیئن آسٹریلیا نے عالمی کپ 2011ء میں اعزاز کے دفاع کی مہم کا آغاز زمبابوے کے خلاف 91 رنز سے آسان فتح حاصل کر کے کر دیا۔
احمد آباد کے سردار پٹیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کے بلے بازوں کے پاس آسٹریلیا باؤلرز کی برق رفتار گیندوں کا کوئی جواب نہ تھا۔ شان ٹیٹ، مچل جانسن اور بریٹ لی کی بجلی کی رفتار سے آنے والی گیندیں زمبابوین بلے بازوں کی وکٹوں اور پیڈ سے ٹکراتی رہیں یا پھر ان سے کٹ نکل کر فیلڈر کے ہاتھوں میں جاتی رہیں اور یوں 263 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی اننگ 171 پر اختتام پذیر ہو گئی۔
زمبابوے کی جانب سے پراسپر اتسیا نے سب سے زیادہ 37 اور سین ولیمز نے 28 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل جانسن نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور محض 19 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جس میں ٹاٹنڈا ٹائبو کی اہم ترین وکٹ بھی شامل تھی۔ دو وکٹیں شان ٹیٹ اور دو وکٹیں جیسن کریزا نے حاصل کیں۔ بریٹ لی اور ڈیوڈ ہسی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنےکا فیصلہ کیا تو زمبابوے نے ایک بیٹنگ وکٹ پر آسٹریلیا کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔ ایک شاندار بیٹنگ ٹریک پر آسٹریلیا کی سست رفتاری کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس نے ابتدائی 10 اوورز میں محض 28 رنز بنائے۔ یہ گزشتہ 11 سال میں ابتدائی 10 اوورز کا آسٹریلیا کا کم ترین اسکور تھا۔ اس وقت زمبابوے اپنی بھرپور فارم میں دکھائی دے رہا تھا۔ اس نے 61 کے مجموعی اسکور پر آسٹریلیا کی پہلی وکٹ بریڈ ہیڈن کی صورت میں حاصل کی۔ گو کہ امپائر نے ناٹ آؤٹ قرار دیا تھا لیکن زمبابوے کے نظر ثانی کرنے کے عقلمندانہ فیصلے نے اسے پہلی وکٹ دلا دی۔ البتہ وہ دوسرے اینڈ پر کھڑے شین واٹسن کو روکنے میں ناکام رہے گو کہ یہ شین واٹسن کی روایتی تیز رفتار اننگ نہ تھی لیکن پھر بھی انہوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کو میچ پر حاوی ہونے سے روکا۔ شین واٹسن نے 92 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے۔ ان کے بعد مائیکل کلارک نے 58 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی اور آسٹریلیا کو 262 رنز (6 وکٹوں کے نقصان پر) کے مجموعے تک پہنچنے میں مدد دی۔ زمبابوے کی جانب سے کرس ایم پوفو نے 2 جبکہ رے پرائس، پراسپر اتسیا اور گریم کریمر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کیں۔
اس فتح کے ساتھ عالمی کپ مقابلوں میں آسٹریلیا کے ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ 30 میچز تک دراز ہو گیا۔ آسٹریلیا کو آخری مرتبہ 1999ء کے عالمی کپ میں پاکستان نے گروپ میچ میں شکست دی تھی۔ اس کے بعد سے اب تک آسٹریلیا ناقابل شکست ہے۔ آخری مرتبہ اس نے جنوبی افریقہ کے خلاف 99ء کے عالمی کپ کا سیمی فائنل ٹائی کھیلا تھا اور اس کے بعد سے آج تک اسے کسی میچ میں شکست نہیں ہوئی کیونکہ اس نے 2003ء اور 2007ء کے عالمی کپ میں تمام میچز جیت کر عالمی اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
شین واٹسن کو 79 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔
عالمی کپ 2011ء میں آسٹریلیا اپنا اگلا میچ 25 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف وی سی اے اسٹیڈیم ناگپور میں کھیلے گا۔ جبکہ زمبابوے 28 فروری کو اسی میدان پر کینیڈا کے مدمقابل ہوگا۔