آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء ”ٹیم آف دی ٹورنامنٹ“ کا اعلان

6 1,183

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء کے اختتام کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ایک ٹیم کا اعلان کیا ہے جس میں تقریباً نصف ٹیم فائنل کھیلنے والے سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جبکہ پاکستان کے سعید اجمل واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں۔

سعید اجمل ٹیم میں شامل واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں (تصویر: AP)
سعید اجمل ٹیم میں شامل واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں (تصویر: AP)

اس دستے کا اعلان سوموار کو کولمبو میں کیا گیا اور قیادت کا منصب سری لنکا کے کپتان مہیلا جے وردھنے کو سونپا گیا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ مہیلا فائنل میں شکست کے بعد قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہو چکے ہیں۔

بہرحال، ماہرین پر مشتمل ایک پینل کی جانب سے اس ٹیم کا انتخاب صرف حالیہ ٹورنامنٹ میں کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ گو کہ اس میں اعدادوشمار کو حصہ بنایا گیا ہے لیکن سری لنکا کی کنڈیشنز میں کھلاڑی کی موزونیت سمیت دیگر عناصر کو بھی مددگار بنایا گیا ہے۔

مجموعی طور پر شکست خوردہ سری لنکا کے تین اور چیمپئن ویسٹ انڈیز کے دو کھلاڑیوں کو دستے میں جگہ دی گئی ہے جبکہ 12 رکنی دستے میں آسٹریلیا، انگلستان، بھارت، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ پینل کو مختلف کلیدی پوزیشنوں کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور چند ایسے کھلاڑیوں کا انتخاب نہیں کیا گیا، جو بلاشبہ حقدار تھے جیسا کہ جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ولیئرز اور ڈیل اسٹین، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر، سری لنکا کے تلکارتنے دلشان اور ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ، ڈیوین اسمتھ اور سنیل نرائن۔

12 رکنی ٹیم کا انتخاب کرنے والے پینل میں آئی سی سی جنرل مینیجر –کرکٹ جیف ایلرڈائس، سری لنکا کے کرکٹ صحافی ریکس کلیمنٹائن، آئی سی سی ایلیٹ پینل کے امپائر ٹونی ہل، آئی سی سی چیف میچ ریفری اور سری لنکا کے سابق کپتان رنجن مدوگالے اور سابق بھارتی کرکٹر اور موجودہ تبصرہ نگار سنجے مانجریکر شامل تھے۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے (بلحاظ بیٹنگ آرڈر):

کرس گیل (ویسٹ انڈیز)

شین واٹسن (آسٹریلیا)

ویراٹ کوہلی (بھارت)

مہیلا جے وردھنے (سری لنکا-کپتان)

لیوک رائٹ (انگلستان)

برینڈن میک کولم (نیوزی لینڈ – وکٹ کیپر)

مارلون سیموئلز (ویسٹ انڈیز)

لاستھ مالنگا (سری لنکا)

مچل اسٹارک (آسٹریلیا)

سعید اجمل (پاکستان)

اجنتھا مینڈس (سری لنکا)

سریش رینا (بھارت) بارہویں کھلاڑی