فکسنگ کا الزام توہین آمیز ہے: بھارتی کرکٹ بورڈ

0 1,848

عالمی کپ 2011ء کے پاک-بھارت سیمی فائنل کو فکس قرار دینے کا الزام سامنے آتے ہی دنیائے کرکٹ میں اک ہنگامہ کھڑا ہو چکا ہے۔ ایک جانب جہاں بیشتر کرکٹ ماہرین ان الزامات کو مضحکہ خیز اور پیش کردہ دلائل کو ناکافی قرار دے رہے ہیں، وہیں کل بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اور آج بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) ان کو کلی طور پر مسترد کر دیا ہے۔

یہ الزام بھارتی کرکٹ ٹیم کی عظیم فتح کی توہین ہے: بھارتی بورڈ (تصویر: Getty Images)
یہ الزام بھارتی کرکٹ ٹیم کی عظیم فتح کی توہین ہے: بھارتی بورڈ (تصویر: Getty Images)

اتوار کو جاری کردہ ایک بیان میں بی سی سی آئی نے کہا کہ اس طرح کا الزام بھارتی ٹیم کی تحقیر کے مترادف ہے، جس نے عالمی اعزاز جیتنے کے لیے بڑی جدوجہد کی تھی۔

برطانیہ کے اخبار 'ڈیلی میل' کے مطابق برطانوی صحافی ایڈ ہاکنز نے اپنی نئی کتاب '' میں یہ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ پاک-بھارت سیمی فائنل مکمل طور پر طے شدہ تھا اور بھارت نے ہی اسے جیتنا تھا۔

لیکن دارالحکومت نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے صدر این شری نواسن کا کہنا ہے کہ وہ عموماً ایسی اخباری اطلاعات پر تبصرہ نہیں کرتے لیکن یہ تو صریح جھوٹ ہے اور بھارتی ٹیم کی سخت توہین بھی، جس نے اپنی شاندار کارکردگی کے بل بوتے پر عالمی کپ جیتا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان منقطع کرکٹ تعلقات پانچ سال کے طویل عرصے کے بعد اگلے ماہ سے بحال ہو رہے ہیں، جب پاکستان ایک مختصر سیریز کے لیے بھارت جائے گا، اور عین اس موقع پر جب سرحد کے دونوں جانب برف پگھل رہی ہے، عالمی کپ کے ڈیڑھ سال بعد ایسی متنازع کتاب کا منظر عام پر آنا 'دال میں کچھ کالے' کو ظاہر کرتا ہے۔