بنگلہ دیش کی شاندار باؤلنگ، عمدہ بیٹنگ، ویسٹ انڈیز ناکام

0 1,030

ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد ایک روزہ میں 'کلین سویپ' کا عزم لے کر میدان میں اترنے والا ویسٹ انڈیز پہلے ہی مرحلے پر لڑکھڑا گیا۔ کھلنا میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں بلے بازوں کی ناقص کارکردگی نے ڈیرن سیمی کے ارادوں کو خاک میں ملا دیا، جہاں بنگلہ دیش نے با آسانی 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

سہاگ غازی نے کیریئر کے پہلے ون ڈے ہی میں 4 وکٹیں سمیٹیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے (تصویر: AP)
سہاگ غازی نے کیریئر کے پہلے ون ڈے ہی میں 4 وکٹیں سمیٹیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے (تصویر: AP)

اپنے اہم ترین شکیب الحسن کی عدم دستیابی کے باوجود بنگلہ دیش کے اسپنرز نے جس عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، وہ قابل ستائش تھا۔ خصوصاً اپنا پہلا مقابلہ کھیلنے والے سہاگ غازی نے ٹیسٹ کی طرح ایک روزہ میں بھی اپنی اہلیت ثابت کر دکھائی۔ جنہوں نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والے ویسٹ انڈیز کی 4 وکٹیں حاصل کیں جن میں کرس گیل اور مارلون سیموئلز کی قیمتی ترین وکٹیں بھی شامل تھیں۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز ٹیل اینڈر سنیل نرائن نے بنائے، جو 36 رنز بنا کر گرنے والی آخری وکٹ تھے جبکہ کرس گیل اور ڈیرن براوو 35، 35 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ ابتدائی 10 اوورز تک تو ویسٹ انڈیز بالکل محفوظ تھا لیکن گیارہویں اوور میں لینڈل سیمنز کی وکٹ گرتے ہی مقابلہ ویسٹ انڈیز کی گرفت سے نکل گیا۔ اگلے اوور میں کرس گیل کا آؤٹ ہونا اور پھر مارلون سیموئلز کی صفر پر واپسی نے بنگلہ دیش کو واپس آنے کی راہ دی۔ اس موقع پر کیرون پولارڈ اور ڈیرن براوو نے اسکور کو تہرے ہندسے تک پہنچا دیا لیکن پولارڈ کے عبد الرزاق کے ہاتھوں آؤٹ ہونے کے بعد محض 33 رنز کے اضافے سے ویسٹ انڈیز اپنی مزید پانچ وکٹیں گنوا بیٹھا۔ اگر نویں وکٹ پر سنیل نرائن اور روی رامپال کے درمیان 57 رنز کی رفاقت قائم نہ ہوتی تو ویسٹ انڈیز کا حامل اس سے بھی برا ہوتا۔ بہرحال، پوری ٹیم 47 ویں اوور میں 199 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے سہاگ غازی نے 4، عبد الرزاق نے 3 اور محمود اللہ اور مشرفی مرتضیٰ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اک آسان ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ پر ہی شاندار شراکت قائم ہوئی۔ جس میں اوپنرز نے ابتدائی 15 اوورز کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے اسکور بورڈ پر 88 رنز کا مجموعہ سجا دیا۔ تجربہ کار تمیم اقبال 51 گیندوں پر 58 اور انعام الحق 62 گیندوں پر 41 رنز بنا کر وہ مضبوط بنیاد فراہم کر گئے جس پر بنگلہ دیش کی فتح کی عمارت کھڑی ہوئی۔

بعد ازاں نعیم اسلام نے ناقابل شکست نصف سنچری بنا کر بنگلہ دیش کو منزل تک پہنچایا، جس نے ہدف 41 ویں اوور میں با آسانی حاصل کر لیا۔

یوں بلے بازوں کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈیز کی باؤلنگ بھی بری طرح ناکام ہوئی۔ مرکزی باؤلرز کیمار روچ اور روی رامپال نہ صرف یہ کہ کوئی وکٹ نہ لے پائے بلکہ مہنگے بھی ثابت ہوئے۔

بنگلہ دیش نے اس میچ میں سہاگ کے علاوہ تین مزید کھلاڑیوں کو اپنا ایک روزہ کیریئر شروع کرنے کا موقع دیا جن میں ابو الحسن، انعام الحق اور مومن الحق شامل تھے۔ سہاگ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ یوں وہ پہلے مقابلے میں ہی یہ اعزاز کرنے والے اولین بنگلہ دیشی کھلاڑی بن چکے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے دوسرا ایک روزہ 2 دسمبر کو اسی شیخ ابونثر اسٹیڈیم، کھلنا میں کھیلا جائے گا جس کے بعد آخری تین مقابلوں کے لیے دونوں ٹیمیں ڈھاکہ روانہ ہو جائیں گی۔