[ریکارڈز] سنگارا 10 ہزاری منصب پر فائز
سری لنکا کے کمار سنگاکارا کرکٹ کی تاریخ میں 10 ہزار ٹیسٹ رنز کا سنگ میل عبورکرنے والے گیارہویں بلے باز بن گئے ہیں۔
ملبورن میں جاری روایتی ’باکسنگ ڈے ٹیسٹ‘ کا پہلا روز گو کہ کسی طرح سری لنکا کے لیے اچھا دن ثابت نہ ہوا کیونکہ اس کی پہلی اننگز کا خاتمہ محض 156 رنز پر ہوا لیکن سنگاکارا نہ صرف 58 رنز کے ساتھ مہمان ٹیم کے سب سے نمایاں بلے باز رہے بلکہ انہوں نے اس اننگز کے دوران اک تاریخی سنگ میل بھی حاصل کیا۔ انہوں نے کھانے کے وقفے سے قبل آخری اوور میں اپنا 10 ہزارواں ٹیسٹ رنز لیا اور یوں اپنی 195 ویں اننگز میں میں یہ کارنامہ انجام دے کر سچن تنڈولکر اور برائن لارا کے ساتھ سب سے کم اننگز میں 10 ہزار رنز بنانے والے بلے باز بن گئے۔ برائن لارا نے اگست 2004ء میں انگلستان کے خلاف مانچسٹر میں اور سچن تنڈولکر نے مارچ 2005ء میں پاکستان کے خلاف کولکتہ ٹیسٹ میں اپنا 10 ہزار واں ٹیسٹ رن بنایا تھا اور یہ دونوں باریاں ان بلے بازوں کی 195 ویں اننگز تھیں۔
سنگاکارا سے قبل سری لنکا کے صرف ایک بلے باز، موجود کپتان مہیلا جے وردھنے، نے 10 ہزار ٹیسٹ رنز بنا رکھے ہیں۔ کپتان مہیلا جے وردھنے نے گزشتہ سال آج ہی کی تاریخ یعنی 26 دسمبر 2011ء کو ڈربن میں جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخی ٹیسٹ میچ میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔ یہ جنوبی افریقہ کے خلاف سری لنکا کی پہلی ٹیسٹ فتح تھی۔
ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے پہلے 10 ہزار رنز بھارت کے عظیم بلے باز سنیل گاوسکر نے بنائے تھے جنہوں نے مارچ 1987ء میں پاکستان کے خلاف احمد آباد ٹیسٹ میں اپنا 10 ہزار واں رن لیا۔ ان کے بعد ایلن بارڈر نے 1993ء میں 10 ہزار رنز مکمل کیے۔ اکیسویں صدی کے آغاز تک ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ کسی بیٹسمین کو یہ شرف حاصل نہ ہو سکا۔ لیکن اس کے بعد پے در پے کئی بلے باز ’10 ہزاری منصب‘ پر فائز ہوتے گئے۔
ذیل میں 10 ہزار ٹیسٹ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست ہے، جو کم از کم اننگز اس سنگ میل کو عبور کرنے کے حساب سے ترتیب دی گئی ہے:
نام | ملک | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ | مقابلے | اننگز | کل کیریئر رنز |
---|---|---|---|---|---|---|---|
برائن لارا | انگلستان | مانچسٹر | 2004ء اگست 12 | 111 | 195 | 11953 | |
کمار سنگاکارا | آسٹریلیا | ملبورن | 2012ء دسمبر 26 | 115 | 195 | 10018 | |
سچن تنڈولکر | پاکستان | کولکتہ | 2005ء مارچ 16 | 122 | 195 | 15645 | |
رکی پونٹنگ | ویسٹ انڈیز | نارتھ ساؤنڈ | 2008ء مئی 30 | 118 | 196 | 13378 | |
راہول ڈریوڈ | جنوبی افریقہ | چنئی | 2008ء مارچ 26 | 120 | 206 | 13288 | |
مہیلا جے وردھنے | جنوبی افریقہ | ڈربن | 2011ء دسمبر 26 | 127 | 210 | 10674 | |
سنیل گاوسکر | پاکستان | احمد آباد | 1987ء مارچ 4 | 124 | 212 | 10122 | |
ژاک کیلس | آسٹریلیا | جوہانسبرگ | 2009ء فروری 26 | 129 | 217 | 12980 | |
ایلن بارڈر | ویسٹ انڈیز | سڈنی | 1993ء جنوری 2 | 136 | 235 | 11174 | |
شیونرائن چندرپال | آسٹریلیا | روسیو | 2012ء اپریل 23 | 140 | 239 | 10696 | |
اسٹیو واہ | انگلستان | سڈنی | 2003ء جنوری 2 | 156 | 244 | 10927 |