[ریکارڈز] سال میں سب سے زیادہ رنز، مائیکل کلارک کا نیا قومی ریکارڈ

0 1,043

سال 2012ء اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے، جن لوگوں پر اس سال کی خاص نظر کرم رہی اُن میں آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک سرفہرست رہے، جنہوں نے اِس سال ریکارڈز کے انبار لگا دیے۔ ان کے بلے نے اس سال اتنے رنز اگلے، جتنے تاریخ میں کسی آسٹریلوی بلے باز کے بلے سے نہیں نکلے۔ انہوں نے سال میں پانچ مرتبہ تہرے ہندسے کی اننگز کھیلیں، جن میں پہلی ناقابل شکست ٹرپل سنچری تھی، اس کے بعد تین ڈبل سنچریاں اور اب سری لنکا کے خلاف ملبورن میں سنچری۔ یوں 106 رنز کی یہ باری ان کی سال کی مختصر ترین سنچری اننگز رہی۔

مائیکل کلارک نے ملبورن میں سنچری بنا کر رکی پونٹنگ کا سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا قومی ریکارڈ توڑا (تصویر: Getty Images)
مائیکل کلارک نے ملبورن میں سنچری بنا کر رکی پونٹنگ کا سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا قومی ریکارڈ توڑا (تصویر: Getty Images)

کلارک نے سال میں چار ڈبل سنچریاں بنانے کا ریکارڈ تو اپنے نام کیا ہی، لیکن اب نہ صرف 2012ء میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں بلکہ ایک سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا قومی ریکارڈ بھی قائم کر دیا ہے۔ انہوں نے سابق کپتان رکی پونٹنگ کا 2005ء میں قائم کردہ 1544 رنز کا ریکارڈ توڑ کر اب اپنی نظریں محمد یوسف کے عالمی ریکارڈ پر مرکوز کر لی ہیں۔ گو کہ اب ایسا کرنا مشکل دکھائی دیتا ہے کیونکہ ملبورن ٹیسٹ میں آسٹریلیا ایک باری مکمل کر چکا ہے جبکہ باقی رہ جانے والی واحد اننگز میں انہیں کم از کم ڈبل سنچری بنانی ہوگی، تبھی وہ پاکستانی لیجنڈری بلے باز کا ریکارڈ توڑ پائیں گے۔

پاکستان کے مردِ درویش محمد یوسف نے 2006ء میں 1788 رنز بنا کر عظیم بلے باز ویوین رچرڈز کا 30 سال سے قائم ریکارڈ توڑا تھا۔۔

بہرحال، اس ریکارڈ کو رہنے بھی دیا جائے تو مائیکل کلارک نے اس سال کمال تو کر ہی دکھایا ہے۔ انہوں نے سال بھر میں صرف 11 ٹیسٹ مقابلے کھیلے اور 106.33 کے ناقابلِ یقین اوسط سے 1595 رنز بنا رکھے ہیں اور اس ریکارڈ کو مزید بہتر بنانے کے لیے اس کے پاس ابھی ملبورن ٹیسٹ کی ایک اننگز باقی ہے۔

وہ جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ سیریز کے ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنانے کے بعد عالمی درجہ بندی میں نمبر ایک بلے باز بن گئے تھے اور بدستور سرفہرست ہیں۔

کلارک کی سال کی تمام اننگز پر بھاری اُن کی 2012ء کے اوائل میں بھارت کے خلاف بنائی گئی ٹرپل سنچری بھاری تھی، جس میں نہ صرف انہوں نے ناقابل شکست 329 رنز بنائے، بلکہ عظیم آسٹریلوی بلے باز سر ڈان بریڈمین کے بہترین اسکور 334 رنز سے پہلے اننگز ڈکلیئر کر کے انہیں شاندار انداز میں خراج تحسین پیش بھی پیش کیا۔

سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے آسٹریلوی بلے باز

نام ملک سال مقابلے اننگز رنز بہترین اسکور اوسط سنچریاں نصف سنچریاں
مائیکل کلارک آسٹریلیا 2012ء 11 18 1595 329* 106.33 5 3
رکی پونٹنگ آسٹریلیا 2005ء 15 28 1544 207 67.13 6 6
رکی پونٹنگ آسٹریلیا 2003ء 11 18 1503 257 100.20 6 4
جسٹن لینگر آسٹریلیا 2004ء 14 27 1481 215 54.85 5 4
میتھیو ہیڈن آسٹریلیا 2001ء 14 25 1391 203 63.22 5 5

علاوہ ازیں مائیکل کلارک سال 2012ء میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بھی ہیں۔ انہیں اپنے قریبی ترین حریف ایلسٹر کک پر 346 رنز کی بھاری برتری حاصل ہے۔ ذیل میں آپ 2012ء میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست دیکھیں گے۔

سال 2012ء میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز

نام ملک مقابلے رنز بہترین اسکور اوسط سنچریاں نصف سنچریاں
مائیکل کلارک آسٹریلیا 11* 1595 329* 106.33 5 3
ایلسٹر کک انگلستان 15 1249 190 48.03 4 3
ہاشم آملہ جنوبی افریقہ 10 1064 311* 70.93 4 2
کیون پیٹرسن انگلستان 14 1053 186 43.87 3 4
جوناتھن ٹراٹ انگلستان 15 1005 143 38.65 2 6