آ رہا ہے پاکستان ۔۔۔۔۔ آنے دو!!!
"یہ کپ کہیں نہیں جائے گا"، "انگریزوں کی بجا دی، بین!" کے بعد بھارتی ٹیلی وژن چینلوں کا یہ نیا شاہکار 'آنے دو!'۔
پاک بھارت سیریز کے لیے بھارتی ٹیلی وژن چینل کے بنائے گئے اشتہارات میں کپتان مہندر سنگھ دھونی سمیت دیگر کھلاڑی پاکستان کو دھمکاتے دکھائے گئے کہ "آنے دو!"۔ بہرحال، 'پاکستان آیا، اُس نے دیکھا اور فتح کر لیا'۔ ابھی سیریز کا ایک مقابلہ باقی ہے، لیکن پاکستان ایک روزہ سیریز 2-0 سے اپنے نام کر چکا ہے، کئی لوگوں کی نظروں میں تو ایک حیران کن فتح۔
پاکستان کے لیے یہ توقعات سے کہیں زیادہ حوصلہ افزا جیت تھی۔ گزشتہ پورے سال ایک روزہ کرکٹ میں جدوجہد کرنے کے بعد روایتی حریف کے خلاف، اُسی کی سرزمین پر، اتنی بڑی فتح حاصل کرنا، 2013ء میں آنے والے مشکل مراحل میں پاکستان کے حوصلوں کو بلند کرے گا۔ ان فتوحات کا ملک میں جشن بھی خوب منایا گیا، پاکستان کے مختلف شہروں میں ڈھول کی تاپ پر رقص بھی ہوا، مٹھائیاں بھی بانٹی گئیں اور ہاں! ہوائی فائرنگ بھی خوب ہوئی۔
بھارت ضرور ورلڈ چیمپئن ہوگا، اس کے پاس دنیا کی مہنگی ترین اور نظروں کو خیرہ کر دینے والی لیگ بھی ہوگی لیکن اس سیریز میں بہرحال ثابت ہوا ہے کہ پاکستان بھارت سے کہیں بہتر ٹیم ہے۔
بھارت میں ہر سیریز سے پہلے بڑی بڑی باتیں کی جاتی ہیں، اس لیے شکست کی صورت میں ذلّت کے امکانات بھی اتنے ہی بڑھ جاتے ہیں۔ جب "یہ کپ کہیں نہیں جائے گا" والی ٹیم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پہلے راؤنڈ میں باہر ہو جائے، جب انگریزوں کے مقابلے میں اپنی ہی بج جائے اور جس کو بلّے دکھا کر بولا جائے "آنے دو!" وہ آ کر چاروں شانے چت کر دے، تو بلاشبہ بہت شدید ٹھیس پہنچتی ہوگی۔
اس لیے ضروری ہے کہ بجائے بے جا توقعات وابستہ کرنے کے کرکٹ کو کرکٹ ہی سمجھا جائے، اسی میں شائقین کرکٹ کی بھی عافیت اور کھلاڑیوں کا بھی بھلا۔ دوسری ٹیم کو کسی خاطر ہی میں نہ لانا، بجائے خود بھارت کے لیے نقصان دہ ہے اور شکست کے بعد خفّت کا باعث بھی۔
اب حالانکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز برابر کھیلنے اور ون ڈے سیریز ہارنے کے بعد بھارت کی قومی کرکٹ ٹیم سخت تنقید کی زد میں ہے، لیکن "آنے دو!" والا اشتہار اب بھی ٹیلی وژن پر جاری و ساری ہے۔ اللہ بھارتی بلے بازوں کے ساتھ ساتھ ان ٹی وی والوں کو بھی عقل دے۔