[ریکارڈز] گریم اسمتھ بحیثیت کپتان 100 ٹیسٹ
جنوبی افریقہ کے کپتان گریم اسمتھ آج جب جوہانسبرگ کے تاریخی وینڈررز اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل ٹاس کے لیے اترے تو وہ کرکٹ تاریخ کے پہلے کپتان بن گئے، جنہیں 100 میچز میں قیادت کے فرائض انجام دینے کا موقع ملا۔
گریم اسمتھ آسٹریلیا کے ایلن بارڈر کے بحیثیت کپتان 93 میچز کھیلنے کے ریکارڈ کو تو کچھ عرصہ قبل توڑ ہی چکے تھے، لیکن اب وہ اس مقام پر پہنچ گئے ہیں جہاں آج تک کرکٹ تاریخ کا کوئی کھلاڑی، کوئی کپتان نہیں پہنچا۔ یعنی بحیثیت کپتان 100 مقابلے!
سب سے پہلے یہ واضح کر دیں کہ اسمتھ نے 99 مقابلوں میں جنوبی افریقہ کی جبکہ ایک مقابلے میں آئی سی سی ورلڈ الیون کی قیادت کی۔ پاکستان کے خلاف کیپ ٹاؤن میں اگلا ٹیسٹ ان کا جنوبی افریقہ کی جانب سے بحیثیت کپتان 100 واں ٹیسٹ ہوگا۔ بہرحال، جوہانسبرگ ٹیسٹ سے قبل وہ 98 میں سے 47 میچز میں جنوبی افریقہ کو کامیابی سے ہمکنار کر چکے ہیں، 26 میں اسے شکست ہوئی جبکہ 26 میچز بے نتیجہ ثابت ہوئے۔ یعنی فتح کا تناسب 47 فیصد۔ ہے نا زبردست؟
گریم اسمتھ نے صرف 10 سال قبل دنیائے کرکٹ میں قدم رکھا، اور انہیں عالمی کپ 2003ء کے بعد جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والے بحران کے باعث قیادت سونپی گئی۔ تمام تر نشیب و فراز آتے رہے، جنوبی افریقہ 2007ء اور 2011ء کے عالمی کپ ٹورنامنٹس میں مایوس کن انداز میں باہر ہوا، اس کے علاوہ چند بدترین شکستیں بھی کھائیں لیکن اس کے باوجود یہ کرکٹ ساؤتھ افریقہ کا گریم اسمتھ پر اعتماد تھا کہ انہیں بہرصورت کپتان برقرار رکھا گیا اور آج وہ جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں نمبر ایک مقام تک پہنچا چکے ہیں۔
انگلستان اور آسٹریلیا جیسے سخت حریفوں کے خلاف انہی کی سرزمین پر سیریز جیتنے کے بعد اب جنوبی افریقہ اپنے گھریلو میدانوں میں پاکستان سے نبرد آزما ہے، جس کا پہلا معرکہ آج جوہانسبرگ میں شروع ہوا، جو گریم اسمتھ کا 100 واں ٹیسٹ بھی ہے۔ گو کہ پہلی اننگز گریم اسمتھ، اور مجموعی طور پر جنوبی افریقہ کے لیے بھی، اتنی اچھی ثابت نہیں ہوئی اور وہ 253 رنز ہی بنا پایا لیکن اب دیکھنا یہ ہے کہ اسمتھ کی زیر قیادت دنیا کا بہترین باؤلنگ اٹیک پاکستانی بلے بازوں سے کیا سلوک کرتا ہے؟
خیر، کرکٹ تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز میں قیادت کے فرائض انجام دینے والے کھلاڑی یہ ہیں:
نام | ملک | دورانیہ | مقابلے | جیتے | ہارے | برابر | بے نتیجہ | جیتنے کا اوسط |
---|---|---|---|---|---|---|---|---|
گریم اسمتھ | 2003ء تا 2013ء | 100* | 47 | 26 | 0 | 26 | 47.00 فیصد | |
ایلن بارڈر | 1984ء تا 1994ء | 93 | 32 | 22 | 1 | 38 | 34.40 فیصد | |
اسٹیفن فلیمنگ | 1997ء تا 2006ء | 80 | 28 | 27 | 0 | 25 | 35.00 فیصد | |
رکی پونٹنگ | 2004ء تا 2010ء | 77 | 48 | 16 | 0 | 13 | 62.33 فیصد | |
کلائیو لائیڈ | 1974ء تا 1985ء | 74 | 36 | 12 | 0 | 26 | 48.64 فیصد | |
اسٹیو واہ | 1999ء تا 2004ء | 57 | 41 | 9 | 0 | 7 | 71.92 فیصد | |
ارجنا راناتنگا | 1989ء تا 1999ء | 56 | 12 | 19 | 0 | 25 | 21.42 فیصد | |
مائیکل ایتھرٹن | 1993ء تا 2001ء | 54 | 13 | 21 | 0 | 20 | 24.07 فیصد | |
ہنسی کرونیے | 1994ء تا 2000ء | 53 | 27 | 11 | 0 | 15 | 50.94 فیصد |