[ریکارڈز] گریم اسمتھ کے سینے پر ایک اور تمغہ
نیولینڈز، کیپ ٹاؤن میں پاکستان کے خلاف ایک زبردست مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کی جیت کئی لحاظ سے ایک یادگار فتح تھی۔ ایک تو جنوبی افریقہ کی عالمی درجہ بندی میں نمبر ایک پوزیشن مزید مستحکم ہوئی اور ساڑھے چار لاکھ ڈالرز کا سالانہ بونس حاصل کرنے کی بھی حقدار ٹھیری، وہیں مسلسل چھٹی سیریز جیت کر اس نے خود کو حقیقی نمبر ایک بھی ثابت کیا۔ لیکن ساتھ ساتھ انفرادی سطح پر کپتان گریم اسمتھ کے لیے بھی یہ ایک تاریخی ٹیسٹ تھا۔
ایک تو انہوں نے 100 ویں مرتبہ کسی ٹیسٹ مقابلے میں جنوبی افریقہ کی قیادت کی اور پھر اس میں فتح حاصل کر کے سب سے زیادہ ٹیسٹ فتوحات حاصل کرنے والے کپتان بن گئے۔
2003ء میں ایک نوآموز کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم میں شمولیت اور زمام کار سنبھالنے کے بعد سے اب تک گریم اسمتھ 101 ٹیسٹ مقابلے کھیل چکے ہیں، جن میں سے کیپ ٹاؤن میں حاصل کردہ فتح 49 ویں جیت تھی۔ انہیں 26 مقابلوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور اتنے ہی مقابلے کسی نتیجے تک پہنچے بغیر ختم ہو گئے۔ اس فتح کی بدولت اسمتھ نے آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ کا قائم کردہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ رکی پونٹنگ نے 77 ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا کی قیادت کی اور اس میں سے 48 میں فتوحات حاصل کیں۔ رکی کے دامن میں صرف 16 شکستیں اور 13 بے نتیجہ ٹیسٹ ہیں اور یوں وہ جیت کی بہت زیادہ شرح کے حامل ہیں۔
ہم قارئین کی دلچسپی کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ فتوحات حاصل کرنے والے کپتانوں کی ایک فہرست نیچے پیش کر رہے ہیں، امید ہے معلومات میں اضافے کا باعث ہوگی:
نام کپتان | ملک | دورانیہ | مقابلے | فتوحات | شکستیں | برابر | بے نتیجہ |
---|---|---|---|---|---|---|---|
گریم اسمتھ | 2003ء تا 2013ء | 101 | 49 | 26 | 0 | 26 | |
رکی پونٹنگ | 2004ء تا 2010ء | 77 | 48 | 16 | 0 | 13 | |
اسٹیو واہ | 1999ء تا 2004ء | 57 | 41 | 9 | 0 | 7 | |
کلائیو لائیڈ | 1974ء تا 1985ء | 74 | 36 | 12 | 0 | 26 | |
ایلن بارڈر | 1984ء تا 1994ء | 93 | 32 | 22 | 1 | 38 | |
اسٹیفن فلیمنگ | 1997ء تا 2006ء | 80 | 28 | 27 | 0 | 25 | |
ہنسی کرونیے | 1994ء تا 2000ء | 53 | 27 | 11 | 0 | 15 | |
ویوین رچرڈز | 1980ء تا 1991ء | 50 | 27 | 8 | 0 | 15 | |
مارک ٹیلر | 1994ء تا 1999ء | 50 | 26 | 13 | 0 | 11 | |
مائیکل وان | 2003ء تا 2008ء | 51 | 26 | 11 | 0 | 14 |