سری لنکا اور بارش، چولی دامن کا ساتھ، پہلا ون ڈے بے نتیجہ

0 1,015

اگر سوال پوچھا جائے کہ کرکٹ مقابلے سب سے زیادہ کہاں بارش سے متاثر ہوتے ہیں تو اس کا سیدھا سا جواب ہوگا سری لنکا! بحر ہند کے اس جزیرے پر شاید ہی کوئی سیریز ایسی ہو جہاں کوئی مقابلہ بارش کی زد میں نہ آیا ہو اور اب نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے مابین کھیلا گیا پہلا ون ڈے اس کا شکار ہوا ہے جہاں 289 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بلیک کیپس صرف 4.2 اوورز کا کھیل ہی کھیل پائے اور مقابلہ بے نتیجہ قرار پایا۔

گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی نیوزی لینڈ-سری لنکا سیریز کا آغاز بارش سے ہوا (تصویر: AP)
گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی نیوزی لینڈ-سری لنکا سیریز کا آغاز بارش سے ہوا (تصویر: AP)

ہمبنٹوٹا میں ہونے والے سیریز کے اولین ایک روزہ مقابلے میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے سری لنکا کو بلے بازی کی دعوت دی جس نے اننگز کی پہلی ہی گیند پر دیموتھ کونارتنے کی وکٹ گنوائی البتہ دوسری وکٹ پر تلکارتنے دلشان اور کمار سنگاکارا کی تجربہ کار جوڑی کی 137 رنز کی شراکت داری نے اسے بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا۔ نیوزی لینڈ کے نوجوان انتون ڈیوکچ نے اپنے مسلسل دو اوورز میں سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے کی قیمتی وکٹیں حاصل کیں۔ سنگاکارا 81 گیندو ں پر 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی ایک عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

دو تجربہ کار بلے باز کھو بیٹھنے کے بعد دلشان کا ساتھ دینے کے لیے آئے کپتان اینجلو میتھیوز جنہوں نے پھر آخر تک ایک اینڈ کو بخوبی سنبھالے رکھا۔ دلشان 114 گیندوں پر 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ایک اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ نکل پڑا البتہ میتھیوز مضبوطی سے ڈٹے رہے۔ انہوں نے 64 گیندوں پر 9 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 74 رنز بنائے جس کی بدولت سری لنکا مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہوا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کائل ملز نے 3 جبکہ مچل میک کلیناہن اور انتون ڈیو کچ نے دو، دو اور ناتھن میک کولم اور کوری اینڈرسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے بھی سری لنکا ہی کی طرح پہلے اوور میں وکٹ گنوائی لیکن اس سے پہلے کہ مقابلہ مزید آگے بڑھتا سری لنکا کی 'مشہور زمانہ' بارشوں نے میدان کو آ لیا اور پھر مقابلہ دوبارہ شروع ہی نہ ہوسکا۔ نیوزی لینڈ نے پانچویں اوور کے کھیل تک 1 وکٹ کے نقصان پر 13 رنز بنائے تھے۔

تین ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کا دوسرا میچ 12 نومبر کو ہمبنٹوٹا ہی میں کھیلا جائے گا۔