[ریکارڈز] سب سے کم اننگز میں 6 ہزار ون ڈے رنز بنانے والے بلے باز
جنوبی افریقہ کے کپتان ابراہم ڈی ولیئرز نے پاکستان کے خلاف گزشتہ روز نہ صرف ایک یادگار سنچری اننگز کھیل کر جنوبی افریقہ کی سیریز فتح میں کلیدی کردار ادا کیا بلکہ وہ اس دوران 6 ہزار ایک روزہ رنز کا سنگ میل بھی عبور کرگئے۔
نامانوس حالات میں اور ابتدائی دو ایک روزہ مقابلوں میں جدوجہد کرنے کے بعد جنوبی افریقہ نے ڈی ولیئرز کی قیادت میں سیریز میں شاندار واپسی کی اور آخری ون ڈے میں اپنے اہم ترین تین گیند بازوں کے بغیر ہی پاکستان کو 117 رنز کے بھاری بھرکم مارجن سے زیر کرلیا۔ اسی مقابلے کے دوران ابراہم ڈی ولیئرز نے اپنے کیریئر کی 15 ویں سنچری ایک شاندار چھکے کے ذریعے مکمل کی اور اس کے ساتھ ہی ایک روزہ کرکٹ میں 6 ہزار رنز مکمل کرنے والے بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔
ڈی ولیئرز 6 ہزار رنز تک پہنچنے والے مجموعی طور پر 46 ویں اور جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے پانچویں کھلاڑی ہیں۔ ان سے قبل صرف ژاک کیلس، ہرشل گبز، گریم اسمتھ اور گیری کرسٹن ہی وہ پروٹیز کھلاڑی ہیں، جو اس مرحلے تک پہنچے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ ایک روزہ رنز بنانے والے بلے باز
بلے باز | ملک | دورانیہ | مقابلے | رنز | بہترین اننگز | اوسط | سنچریاں | نصف سنچریاں |
---|---|---|---|---|---|---|---|---|
ژاک کیلس | جنوبی افریقہ | 1996ء تا 2012ء | 321 | 11498 | 139 | 45.26 | 17 | 85 |
ہرشل گبز | جنوبی افریقہ | 1996ء تا 2010ء | 248 | 8094 | 175 | 36.13 | 21 | 37 |
گریم اسمتھ | جنوبی افریقہ | 2002ء تا 2013ء | 195 | 6976 | 141 | 38.32 | 10 | 47 |
گیری کرسٹن | جنوبی افریقہ | 1993ء تا 2003ء | 185 | 6798 | 188* | 40.95 | 13 | 45 |
ابراہم ڈی ولیئرز | جنوبی افریقہ | 2005ء تا 2013ء | 153 | 6010 | 146 | 48.86 | 15 | 34 |
ڈی ولیئرز ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین بلے باز ویوین رچرڈز کے بعد سب سے کم مقابلوں میں اس ہدف تک پہنچے ہیں۔ ویوین رچرڈز نے اپنے 6 ہزار رنز 141 اننگز میں مکمل کیے تھے جبکہ ابراہم ڈی ولیئرز 147 باریوں میں 6 ہزار رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ بھارت کے سابق کپتان سارو گانگلی نے بھی اتنی ہی باریوں میں 6 ہزار رنز بنائے۔
سب سے کم اننگز میں 6 ہزار رنز بنانے والے بلے باز
بلے باز | ملک | دورانیہ | مقابلے | اننگز |
---|---|---|---|---|
ویوین رچرڈز | ویسٹ انڈیز | 13 سال 214 دن | 156 | 141 |
سارو گانگلی | بھارت | 8 سال 289 دن | 152 | 147 |
ابراہم ڈی ولیئرز | جنوبی افریقہ | 8 سال 282 دن | 153 | 147 |
میتھیو ہیڈن | آسٹریلیا | 14 سال 288 دن | 160 | 154 |
برائن لارا | ویسٹ انڈیز | 8 سال 334 دن | 158 | 155 |
ڈین جونز | آسٹریلیا | 10 سال 23 دن | 160 | 157 |
گیری کرسٹن | جنوبی افریقہ | 7 سال 312 دن | 160 | 160 |
پاکستان کی جانب سے تیز ترین 6 ہزار رنز بنانے کا کارنامہ سعید انور نے انجام دیا جنہوں نے 162 اننگز میں اس سنگ میل کو عبور کیا جبکہ یوسف یوحنا (بعد ازاں محمد یوسف) نے 168 باریاں کھیلیں۔
پاکستان کی جانب سے سب سے کم مقابلوں میں 6 ہزار رنز بنانے والے بلے باز
بلے باز | ملک | دورانیہ | مقابلے | اننگز |
---|---|---|---|---|
سعید انور | پاکستان | 10 سال 82 دن | 164 | 162 |
یوسف یوحنا | پاکستان | 6 سال 192 دن | 178 | 168 |
جاوید میانداد | پاکستان | 16 سال 222 دن | 185 | 175 |
انضمام الحق | پاکستان | 7 سال 187 دن | 186 | 176 |
یونس خان | پاکستان | 10 سال 355 دن | 212 | 205 |
اعجاز احمد | پاکستان | 12 سال 183 دن | 227 | 210 |
سلیم ملک | پاکستان | 14 سال 255 | 235 | 212 |