ونسنٹ نے 10 سے کم رنز بنانے پر 20 ہزار پاؤنڈز کی پیشکش کی، مال لوئے

0 1,017

گلین میک گرا اور بریٹ لی کو سویپ پر چھکے مار کر عالمی شہرت سمیٹنے والے انگلستان کے بلے باز مال لوئے ایک مرتبہ پھر خبروں کی زد میں ہیں، لیکن بدقسمتی سے اچھی وجوہات کی بنیاد پر نہیں، بلکہ فکسنگ کے معاملات میں۔ لنکاشائر سے کھیلنے والے لوئے کا کہنا ہے کہ 2008ء میں انہیں نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے لو ونسنٹ نے 10 سے کم رنز بنانے پر 10 ہزار برطانوی پاؤنڈز کی پیشکش کی تھی۔ البتہ لوئے نے غور کے بعد اس پیشکش کو ٹھکرا دیا تھا، حالانکہ ونسنٹ دوگنی رقم دینے پر بھی آمادہ ہوگئے تھے۔

درحقیقت بات پیسوں کی نہیں بلکہ اپنے والدین کی نظروں میں گرجانے کی تھی، جس نے مجھے اس کام سے روکا: سابق انگلش بلے باز (تصویر: Getty Images)
درحقیقت بات پیسوں کی نہیں بلکہ اپنے والدین کی نظروں میں گرجانے کی تھی، جس نے مجھے اس کام سے روکا: سابق انگلش بلے باز (تصویر: Getty Images)

برطانوی اخبار 'ڈیلی میل' کے مطابق لوئے نے بتایا کہ "لنکاشائر میں میرے ساتھ کھیلنے والے ونسنٹ نے ایک روز مجھے کہا کہ اگر میں اگلے دن ڈرہم کے خلاف مقابلے میں 10 رنز سے پہلے آؤٹ ہوجاؤں تو وہ مجھے 10 ہزار پاؤنڈز کی خطیر رقم دیں گے۔ میں نے بعد ازاں رات کو اپنی والدہ سے بات کی اور ان سے گفتگو نے مجھے منع کرنے کی طاقت دی۔" لوئے کا کہنا تھا کہ درحقیقت یہ بات پیسوں کی نہیں بلکہ والدین کی نظروں میں گرجانے والی تھی، جس کی وجہ سے میں نے اس پیشکش کو قبول نہ کیا۔ حالانکہ لوئے کے مطابق اگلے روز مقابلے سے چند گھنٹے قبل ونسنٹ نے مجھے دوگنے پیسے دینے کی پیشکش کی، یعنی 20 ہزار پاؤنڈز۔ لیکن میں فیصلہ کرچکا تھا اور اس پر ڈٹا رہا۔

لیکن جس پہلو نے لوئے کے معاملے کو بگاڑا، وہ یہ ہے کہ انہوں نے اس واقعے کے بارے میں کسی بھی عہدیدار کو مطلع نہیں کیا اور صرف اپنے اہل خانہ سے بات کرکے چپ سادھ لی تھی، یہاں تک کہ گزشتہ سال کاؤنٹی کرکٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے دوران انہوں نے متعلقہ حکام کے سامنے زبان کھولی۔

گفتگو کے دوران لوئے نے ڈرہم کے خلاف مذکورہ مقابلے میں اپنی کیفیت کے بارے میں بھی بتایا کہ میں نے زندگی میں کبھی دہرے ہندسے سے آگے بڑھنے کی اتنی تمنا نہیں کی، جتنی کہ اس دن کی تھی کہ میں 10 سے زیادہ رنز بنالوں۔ اس مقابلے میں لوئے اور ونسنٹ ہی اوپنر کی حیثیت سے میدان میں آئے تھے۔ ونسنٹ تو ارادوں کے عین مطابق ایک رن بنانے کے بعد پویلین سدھار گئے لیکن مال لوئے نے 37 گیندوں پر 53 رنز داغ دیے۔ لیکن اس روز میدان میں پڑنے والا دباؤ اور کچھ کر دکھانے کی جدوجہد آج بھی لوئے کے لیے ایک اہم یاد ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ میں نے کبھی اس مقابلے کی جھلکیاں بھی مڑ کر نہ دیکھیں، یہاں تک کہ گزشتہ سال انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے ساتھ فکسنگ تحقیقات کے دوران مجھے وہ مقابلہ دیکھنا پڑا۔

41 سالہ لوئے نے 2007ء کے اوائل میں 7 ایک روزہ مقابلوں میں انگلستان کی نمائندگی کی تھی اور 2010ء میں کھیل کو خیرباد کہنے کے بعد اب نارتھمپٹن شائر کے ایک اسکول میں کوچنگ کے فرائض انجام دیتے ہیں۔