جو منکڈ نہ کرے، وہ بے وقوف ہے: این چیپل پھٹ پڑے
انگلستان کے خلاف کوئی سیریز ہو، اور اس میں کچھ بھی ایسا ہوجائے کہ جو 'گورا صاحب' کو ناراض کرے تو ہر کرکٹ پرستار جانتا ہے کہ اس پر کتنا زیادہ ہنگامہ اٹھتا ہے۔ سری لنکا کے خلاف جاری سیریز کے ایک روزہ مرحلے میں جوس بٹلر کو منکڈ کرنا گویا سری لنکا کے لیے عذاب بن گیا تھا لیکن ایک، ایک کرکے ان کے حق میں آواز اٹھتی رہیں یہاں تک کہ آج سابق آسٹریلوی کپتان اور معروف تبصرہ کار این چیپل کے دلائل ایک توانا آواز بن کر ابھرے ہیں۔
معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے لیے لکھے گئے اپنے بلاگ میں انہوں نے گیند پھینکے جانے سے قبل اپنی کریز چھوڑنے والے نان اسٹرائیکر بلے بازوں کو آڑے ہاتھوں لیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے بلے بازوں کو آؤٹ نہ کرنا فیلڈنگ سائیڈ کی بے وقوفی گردانی جائے گی۔
70ء کی دہائی میں آسٹریلیا کی قیادت کرنے والے این چیپل نے کہا ہے کہ جب وکٹ کیپر اسٹمپ کرنے سے پہلے بیٹسمین کو خبردار نہیں کرتا تو اس طرح بے ایمانی سے رن دوڑنے والے بیٹسمین کو آخر کس بات کی تنبیہ کی جائے؟ جبکہ وہ قوانین سے خود واقف ہے اور اپنی مرضی سے کریز چھوڑ رہا ہے۔ چیپل نے کہا کہ اگر کوئی ایسے بیٹسمین کا دفاع کرتے ہوئے اس کے حق میں دلائل لاتا ہے اور اسے رن آؤٹ کرنے کو 'کرکٹ کی روح' کے منافی قرار دیتا ہے تو میرا یہی سوال ہےہ کھیل میں اہم کیا ہے؟ کھیل کا قانون یا کھیل کی روح؟ کیا قانون کے مطابق کھیلنا ہی کھیل کی حقیقی روح نہیں ہے؟ پھر اس بے ایمانی کے بارے میں کیا خیال ہے جو نان اسٹرائیکر بیٹسمین وقت سے پہلے دوڑ کر کرتا ہے؟ کیا اس کی حرکت کرکٹ کی روح کے منافی نہیں قرار دی جانی چاہیے؟
چیپل نے کہا کہ "درحقیقت اس حوالے سے بین الاقوامی کرکٹ کونسل کا گزشتہ قانون کھلی بے ایمانی تھی جس میں بیٹسمین کو اجازت دی گئی تھی کہ گیند پھینکے جانے سے قبل دوسرے اینڈ کی جانب دوڑ لگا سکتا ہے۔" آئی سی سی کا گزشتہ قانون یہ تھا کہ گیند باز اپنے باؤلنگ ایکشن میں داخل ہوجائے تو گیند پھینکے سے قبل بھی بیٹسمین دوڑ سکتا ہے اور باؤلر اس کو رن آؤٹ نہیں کرسکتا۔ اب یہ قانون تبدیل کیا جاچکا ہے جس کے تحت جب تک گیند باؤلر کے ہاتھوں سے نہ چھوٹ جائے، تب تک نان اسٹرائیکنگ اینڈ پر کھڑے بیٹسمین کا اپنی کریز میں موجود رہنا ضروری ہے۔ اور اگر باؤلر گیند پھینکنے سے قبل اس کی وکٹیں بکھیر دے تو وہ آؤٹ تصور ہوگا۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں انگلستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے گئےآخری ون ڈے میں سری لنکا کے باؤلر سچیتھرا سینانائیکے نے انگلستان کے بیٹسمین جوس بٹلر کو رن آؤٹ کردیا تھا۔ گو کہ وہ اس سے قبل دو مرتبہ انگلش بلے باز کو تنبیہ کر چکے تھے لیکن اس کے باوجود رن آؤٹ پر اچھا خاصا ہنگامہ کھڑا کیا گیا تھا اور انگلستان کے کپتان ایلسٹر کک نے اسے کرکٹ روح کے منافی حرکت قرار دیا تھا۔