ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے اوٹس گبسن کو خیرباد کہہ دیا
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے اوٹس گبسن کو ہیڈ کوچ کے عہدے سے فارغ کر دیا ہے۔ بورڈ کی جانب سے موصول ہونے والے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ اوٹس گبسن اور بورڈ نے باہمی رضامندی سے یہ فیصلہ کیا ہے۔ اوٹس گبسن اور بورڈ کے درمیان کشیدہ تعلقات کی قیاس آرائیاں اس وقت شدت اختیار کر گئیں تھیں جب وہ بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ میچ سے قبل قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ سے غیر حاضر رہے۔
اوٹس گبسن کی جگہ ٹیم منیجر رچی رچرڈسن عبوری مدت کے لیے اس عہدے پر کام کریں گے جن کے ہمراہ اسٹورٹ ولیمز اور آندرے کولی بطور معاون کوچ اور کرٹلی ایمبروز بطور باؤلنگ کنسلٹنٹ اپنا کام جاری رکھیں گے۔
گزشتہ سال ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے اوٹس گبسن کے ساتھ تین سالہ معاہدے کی تجدید کی تھی اور انہیں فروری 2016ء تک کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم ویسٹ انڈیز کی حالیہ خراب کارکردگی اور نیوزی لینڈ کے ہاتھوں مسلسل دو سیریز میں شکست کے بعد بورڈ کے اعلی عہدیداران اور کوچ کے درمیان خراب تعلقات کی خبریں سامنے آرہی تھیں جو آج سچ ثابت ہوئیں۔
او ٹس گبسن فروری 2010ء کے اوائل میں ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ مقرر ہوئے تھے۔ اپنے مختصر کرکٹ کیرئیر میں انہوں نے 2 ٹیسٹ اور 15 ایک روزہ مقابلوں میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی۔ قومی ٹیم کی کوچنگ سے قبل وہ تین سال تک انگلستان کے باؤلنگ کوچ بھی رہے۔ اوٹس کے عہد میں ویسٹ انڈیز نے عالمی ٹی ٹونٹی 2012ء جیتا جبکہ طویل طرز کی کرکٹ میں ویسٹ انڈیز نے 36 ٹیسٹ بشمول چار ٹیسٹ سیریز اپنے نام کیں۔
عالمی درجہ بندی پر نظر ڈالیں تو اس وقت ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹیسٹ اور ایک روزہ درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر موجود ہے جبکہ ٹی ٹونٹی طرز کرکٹ والی ٹیموں کی درجہ بندی میں اس کا ساتواں نمبر ہے۔
اختلافات کے باوجود الوداعی پیغام میں ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے اوٹس گبسن کی پیشہ وارانہ صلاحیتیوں اور ان کی خدمات کو سراہنے کے ساتھ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کو کئی یادگار کامیابیوں سے ہمکنار کروانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔