کرس راجرز سعید اجمل کی پابندی پر خوش

1 1,019

آسٹریلیا کرکٹ تاریخ میں جتنے بڑے ریکارڈ رکھتا ہے، ان کے کھلاڑیوں کی زبانیں بھی ہمیشہ اتنی ہی لمبی رہی ہیں۔ مقابلہ انگلستان جیسے روایتی حریف کے ساتھ ہو، یا بھارت سے، حتیٰ کہ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز سے بھی، تب بھی آسٹریلیا کے موجودہ و سابق کھلاڑیوں کی کوشش ہوتی ہے کہ آدھا مقابلہ تو اپنی زبان ہی سے جیت لیں۔ اس لیے ہر سیریز سے قبل "الفاظ کی جنگ" شروع کردیتے ہیں تاکہ حریف کے حوصلوں کو توڑ سکیں، اور یہی کام پاک-آسٹریلیا سیریز سے قبل بھی پوری تندہی سے کررہے ہیں۔ تین سال بعد قومی دستے میں جگہ پانے والے اسٹیو او کیف کے بعد اب 37 سالہ اوپنر کرس راجرز نے سعید اجمل پر پابندی عائد کیے جانے پر زبان کھولی ہے اور کہتے ہیں کہ انہیں سعید اجمل پر پابندی کی خبر سن کر بہت خوشی ہوئی اور اب وہ پاک-آسٹریلیا سیریز میں زیادہ آسانی سے رنز بنا پائیں گے۔

گزشتہ سال ایشیز میں 6 مرتبہ آف اسپنر گریم سوان کو وکٹ دینے والے راجرز سعید اجمل کا سامنا کرتے ہوئے پریشان تھے (تصویر: Getty Images)
گزشتہ سال ایشیز میں 6 مرتبہ آف اسپنر گریم سوان کو وکٹ دینے والے راجرز سعید اجمل کا سامنا کرتے ہوئے پریشان تھے (تصویر: Getty Images)

گزشتہ سال ایشیز میں بارہا گریم سوان کے ہاتھوں ہزیمت کا شکار ہونے والے کرس راجرز کے حواس پر سعید اجمل کس بری طرح سوار تھے، اس کا اندازہ انہی کے بیان سے لگائیے کہ انہوں نے حالیہ کاؤنٹی سیزن میں اپنے ساتھی بلے باز ایون مورگن سے اس پریشانی کا ذکر کیا تھا کہ آخر وہ سعید اجمل سے کیسے نمٹیں گے۔ جس پر بقول ان کے مورگن نے کہا کہ سعید اجمل جیسے باؤلر کسی بھی بلے باز کے کیریئر کو نقصان پہنچا سکتے ہیں جیسا کہ خود ان کا ٹیسٹ کیریئر، جو سعید اجمل کی وجہ سے آج بھی لٹکا ہوا ہے۔

اگر کرس راجرز کے مختصر ٹیسٹ کیریئر کا جائزہ لیں تو اندازہ ہوجاتا ہے کہ آخر وہ سعید اجمل سے اتنے پریشان کیوں تھے۔ صرف گزشتہ سال انگلستان میں کھیلی ایشیز میں وہ 9 اننگز میں 6 مرتبہ آف اسپنر گریم سوان کا نشانہ بنے تھے۔ پھر متحدہ عرب امارات کی اسپنرز کے لیے سازگار وکٹوں پر سعید اجمل ان کا کیا حال کرتے؟ اس کا اندازہ خود کرس کو بھی تھا۔ یہی وجہ ہے کہ وہ سعید اجمل کے خلاف فیصلے پر کافی مسرور دکھائی دے رہے ہیں۔ سعید اجمل گزشتہ ماہ دورۂ سری لنکا میں باؤلنگ ایکشن پر تنقید کی زد میں آئے تھے جس کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے ان کی بایومکینک جانچ کی اور پایا کہ سعید اجمل کا باؤلنگ ایکشن قانونی حدود سے تجاوز کرچکا ہے اور ان کے بین الاقوامی کرکٹ میں باؤلنگ پر پابندی عائد کردی۔

آسٹریلیا کے اخبار 'دی ایج' کے مطابق کرس راجرز کہتے ہیں کہ قوانین کو توڑنے والا دوسرے کھلاڑیوں کے کیریئر کو نقصان پہنچاتا ہے، مورگن جیسا اسپن کو اچھا کھیلنے والا کھلاڑی بھی سعید اجمل کی وجہ سے ٹیسٹ کیریئر کو رو رہا ہے۔ اگر وہ سعید کا سامنا نہ کرتے تو شاید ان کے دامن میں چند اچھی اننگز ہوتیں، اور وہ اب بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ بہرحال، اگر اور مگر سے ہٹ کر اتنا کافی ہے کہ جو کام ہو قانون کے دائرے کے اندر ہو، اگر یہ غیر قانونی تھا تو میرے خیال میں بہت جلد یہ قدم اٹھا لینا چاہیے تھا۔ میں سوان کے خلاف خاصی جدوجہد کرتا رہا ہوں اور مجھے اندازہ نہیں تھا کہ سعید اجمل کے سامنے میرا کیا حال ہونے والا ہے، لیکن اب ان پر پابندی کے بعد ہوسکتا ہے کہ میرا کیریئر کچھ مزید طول پکڑ جائے۔

آسٹریلیا کے دورۂ متحدہ عرب امارات کے بارے میں کرس راجرز نے کہا کہ گرمی میں یہاں کھیلنا مشکل تو بہت ہوگا لیکن مجھے امید ہے کہ ہم اس مرحلے کو کامیابی سے عبور کرلیں گے اور میں بھی بلے بازی کے لیے سازگار وکٹوں پر چند بڑی اننگز تراشوں گا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین سیریز کا باضابطہ آغاز آج (اتوار کو) دبئی میں واحد ٹی ٹوئنٹی سے ہو رہا ہے البتہ سنیچر کو پہنچنے والے کرس راجرز 22 اکتوبر سے پہلے ٹیسٹ میں نظر آئیں گے۔