[ریکارڈز] یونس خان سال میں ایک ہزار رنز

1 1,011

سال 2014ء کے اوائل میں دبئی میں یونس خان کے 77 رنز بھی پاکستان کو شکست سے نہ بچا سکی تھی لیکن اس کے ذریعے یونس نے ایک ایسے سنگ میل کی جانب پہلا اہم قدم ضرور بڑھایا جو بالآخر آج دبئی ہی کے مقام پر حاصل کیا گیا، یعنی ایک سال میں ایک ہزار ٹیسٹ رنز۔

یونس خان نے کیریئر میں دوسری بار سال میں 1000 رنز کا سنگ میل عبور کیا (تصویر: Getty Images)
یونس خان نے کیریئر میں دوسری بار سال میں 1000 رنز کا سنگ میل عبور کیا (تصویر: Getty Images)

نیوزی لینڈ کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز یونس خان کی 72 رنز کی اننگز کے باوجود پاکستان سخت مرحلے سے دوچار ہے۔ اب بھی 122 رنز کے خسارے سے دوچار ہے اور صرف 4 وکٹیں باقی ہیں۔ جب تک یونس اور اظہر علی کی 113 رنز کی شراکت داری جاری تھی، تب تک معاملات گرفت میں تھے، یہاں تک کہ یونس خان ایک ایسی گیند پر آؤٹ ہوئے، جو ہر گز اس قابل نہ تھی کہ ان جیسا پائے کا بلے باز اس پر وکٹ گنوائے۔البتہ پاکستان کو بیچ منجدھار پر چھوڑنے سے پہلے یونس خان نے سال 2014ء میں ایک ہزار ٹیسٹ رنز کا سنگ میل کیا اور یوں یہ کارنامہ انجام دینے والے رواں سال چوتھے بلے باز بن گئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ باقی تینوں بلے بازوں کا تعلق سری لنکا سے ہے۔

رواں سال اب تک سب سے زیادہ رنز سری لنکا کے کمار سنگاکارا نے بنا رکھے ہیں۔ وہ 10 ٹیسٹ مقابلوں کی 19 اننگز میں79.50 کے اوسط کے ساتھ 1431 رنز بنا چکے ہیں۔ ان کے ہم وطن اینجلو میتھیوز 10 مقابلوں میں 80.30 کے اوسط کے ساتھ 1044 رنز بنا چکے ہیں۔

ان دونوں کے بعد سال 2014ء میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں یونس خان کا نام ہے جو رواں سال 8 ٹیسٹ کی 15 اننگز میں 1015 رنز بنا چکے ہیں۔ ان تینوں کے بعد چوتھا نام سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے کا ہے، جو ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے سے پہلے 10 مقابلوں میں 1003 رنز بنا گئے اور شایان شان انداز میں طویل طرز کی کرکٹ کو الوداع کہہ گئے۔

یونس خان اس سے قبل 2006ء میں بھی ایک سال میں 1000 سے زیادہ رنز بنا چکے ہیں جب انہوں نے 20 اننگز میں 65.50 کے اوسط کے ساتھ 117 رنز بنائے تھے۔

ایک سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ اس وقت پاکستان کے محمد یوسف کے پاس ہے جنہوں نے 2006ء میں 99.33 کے 'بریڈمین انداز' کے اوسط کے ساتھ 1788 رنز بنائے تھے اور ویوین رچرڈز کا 30 سال پرانا ریکارڈ توڑا تھا۔

سال 2014ء میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز

بلے باز ملک مقابلے اننگز رنز بہترین اننگز اوسط سنچریاں نصف سنچریاں
کمار سنگاکارا  سری لنکا 10 19 1431 319 79.50 4 8
اینجلو میتھیوز سری لنکا 10 18 1044 160 80.30 2 6
یونس خان  پاکستان 8 15 1015 213 78.07 5 2
مہیلا جے وردھنے سری لنکا 10 18 1003 203* 59.00 3 5