کمار سنگاکارا ایم سی سی اسپرٹ آف کرکٹ لیکچر دیں گے

0 1,115

کرکٹ کے قوانین کا نگہبان میریلبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کا 11 واں اسپرٹ آف کرکٹ کاؤڈرے لیکچر 4 جولائی 2011ء کو کرکٹ کے مرکز لارڈز، لندن میں منعقد ہوگا۔ رواں سال اس لیکچر کا اعزاز سری لنکا کے سابق قائد کمار سنگاکارا کو دیا گیا ہے۔

ایم سی سی کی جانب سے کرک نامہ کو موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق معروف سری لنکن بلے باز پہلے سری لنکن اور موجودہ بین الاقوامی کرکٹر ہیں جنہیں سالانہ تقریب میں تقریر کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ وہ اس تقریب سے خطاب کرنے والے نوعمر ترین فرد بن جائیں گے۔ یہ اعزاز اب آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ کو حاصل ہے جنہوں نے 2009ء میں ایم سی سی سے خطاب کیا تھا۔ ان دونوں کے علاوہ کئی معروف کھلاڑی ایم سی سی کی اس تقریب سے خطاب کر چکے ہیں جن میں جیفری بائيکاٹ، ڈیسمنڈ ٹوٹو اور حال ہی میں پاکستان کے عظیم کپتان عمران خان شامل ہیں۔

ایم سی سی اسپرٹ آف کرکٹ کاؤڈرے لیکچر کا آغاز 2001ء میں مرحوم لارڈ کاؤڈرے آف ٹون برج کی یاد میں ہوا تھا جو ایم سی سی کے سابق صدر تھے۔ اسپرٹ آف کرکٹ کو کرکٹ کے ضابطہ قانون 2000ء کے دیباچے میں شامل کرنے میں کلب کے سابق صدر ٹیڈ ڈیکسٹر کے ساتھ ان کا کردار مرکزی تھا۔