وہاب ریاض اور کیون پیٹرسن ساتھ ساتھ

1 1,077

عالمی کپ 2015ء میں اپنی طوفانی گیندبازی سے تہلکہ مچا دینے والے پاکستانی باؤلر وہاب ریاض نے انگلش کاؤنٹی سرے کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے جس کے مطابق وہ رواں سال نیٹ ویسٹ ٹی20 بلاسٹ میں شرکت کریں گے۔ 28 سالہ وہاب ریاض اب کیون پیٹرسن کے ساتھ کھیلتے نظر آئیں گے۔

کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں وہاب ریاض نے بتایا کہ اس وقت انہیں ویزا مسائل کا سامنا ہے لیکن یہ معاملات جلد حل ہوجائیں گے۔ " پاکستان ابھی بنگلہ دیش کا دورہ کررہا ہے اور اُس کے بعد سری لنکا کے خلاف سیریز بھی کھیلنی ہے اِس لیے سرے میں قیام بہت مختصر ہوگا۔ میری ترجیح پاکستان کے لیے کھیلنا ہے۔"

عالمی کپ میں 9 مقابلوں میں 16 وکٹیں حاصل کرنے والے وہاب نے کہا کہ اگر آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں کھیلنے کی پیشکش ہوئی تو وہ ضرور قبول کریں گے۔ "بی بی ایل جیسی ٹی20 لیگز اعتماد بڑھانے اور کھیل کو بہتر بنانے میں مددگار ہوتی ہیں۔"

وہاب ریاض 2011ء میں کینٹ کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں اور اس بار سرے کی نمائندگی کرکے وہ مزید تجربہ حاصل کریں گے۔