سال 2014ء کی بہترین تصاویر ظاہر

کرکٹ کی دنیا میں اعلیٰ ترین مقام رکھنے والے جریدے وزڈن نے کرکٹ قوانین کے رکھوالے میریلبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کے ساتھ مل کر سال 2014ء کی بہترین تصاویر کا انتخاب کیا ہے، جس میں ویسٹ انڈیز کے ڈیوین براوو کی تصویر کو پہلا انعام دیا گیا ہے۔
پہلے نمبر پر آنے والی تصویر میں ڈیوین براوو جست لگا کر آسٹریلیا کے جیمز فاکنر کا کیچ پکڑتے دیکھے جا سکتے ہیں۔ یہ تصویر گیٹی امیجز کے فوٹوگرافر میتھیو لوئس نے گزشتہ سال بنگلہ دیش میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے آسٹریلیا-ویسٹ انڈیز مقابلے میں لی تھی جہاں دلچسپ مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو شکست ہوئی تھی۔
اس تصویر کے بارے میں لوئس نے بتایا کہ وہ تماشائیوں کی تصاویر لینے کے بعد اپنی جگہ پر واپس پہنچے ہی تھے کہ یہ واقعہ پیش آیا، بلکہ یہ بیٹھنے کے بعد ان کی پہلی تصویر ہی تھی۔ "ڈیوین براوو کا رخ پہلے دوسری طرف تھا لیکن پھر وہ 180 کے زاویے پر گھومے اور ایک ناقابل یقین کیچ پکڑ لیا۔ میری توجہ پہلے بلے باز پر تھی لیکن عین اس وقت جب براوو فضامیں جست لگاتے ہوئے کیچ تھام رہے تھے، میں نے وہ لمحہ قید کرلیا۔"
دوسرے نمبر پر پورٹ ایلزبتھ میں کھیلے گئے آسٹریلیا-جنوبی افریقہ ٹیسٹ کی ہے جہاں کھلاڑی تیسرے دن کے کھیل کے بعد میدان سے واپس آ رہے ہیں۔ یہ تصویر گیٹی امیجز ہی کے مورنے ڈی کلرک نے لی تھی۔
لوئس کی ایک اور تصویر اس مقابلے کی بہترین تصاویر میں شامل ہوئی ہے بلکہ دوسرے نمبر پر ہی آئی ہے۔ ورلڈ ٹی20 کے وارم-اپ مقابلوں میں بنگلہ دیش 'اے' کے بلے باز نور الحسن کے ڈیل اسٹین کے ہاتھوں کلین بولڈ کا منظر ان کے کیمرے میں قید ہوا اور ایک شاہکار تصویر بن گیا۔
اس مقابلے میں فاتح تصویر کے لیے 2 ہزار پاؤنڈز کی انعامی رقم رکھی گئی تھی، دوسرے نمبر پر آنے والی دونوں تصاویر کو ایک، ایک ہزار پاؤنڈز دیے گئے جبکہ حتمی مقابلے میں شریک 8 تصاویر کو 250، 250 پاؤنڈز ادائیگی کی گئی۔
آپ ذیل میں تمام تصاویر دیکھ سکتے ہیں:
پہلا نمبر

دوسرا نمبر

دوسرا نمبر

حتمی مقابلے میں شریک دیگر تصاویر







