سہیل خان دورۂ بنگلہ دیش سے باہر ہوگئے
پاکستان کے تیز گیندباز سہیل خان پہلی بار ٹیم کا مستقل حصہ بننے جا رہے تھے کہ کمر کی تکلیف نے انہیں آنے والے دورۂ بنگلہ دیش سے باہر کردیا۔ ان کی جگہ پاکستان نے جنید خان کو ایک روزہ دستے میں شامل کردیا ہے جو پہلے ہی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی مرحلے کے لیے منتخب کیے جا چکے ہیں۔
سہیل خان نے عالمی کپ میں پاکستان کی جانب سے بہت عمدہ گیندبازی کروائی تھی اور بھارت کے خلاف مقابلے میں پانچ وکٹیں حاصل کیں اور پھر جنوبی افریقہ کے اہم بلے باز ابراہم ڈی ولیئرز کی وکٹ کے ذریعے پاکستان کو کامیابی بھی بخشی۔ لیکن دورۂ بنگلہ دیش کے لیے تربیتی کیمپ کے دوران زخمی ہوگئے ہیں۔ ابتدائی تجزیے اور طبی جانچ کے بعد انہیں کم از کم دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔
جنید خان مختلف وجوہات کی بناء پر کافی عرصے سے قومی کرکٹ ٹیم سے باہر ہیں۔ اپنی تمام تر صلاحیتوں اور خوبیوں کے باوجود وہ ہمہ وقت فٹ رہنے میں ناکام رہے ہیں اور اسی کی وجہ سے پاکستان کو ابھی عالمی کپ میں ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، جہاں وہ عالمی کپ سے قبل دورۂ نیوزی لینڈ تک پہنچے اور زخمی ہو کر عالمی اعزاز کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔ ان کی عدم موجودگی میں بھی گو کہ پاکستان کی گیندبازی نے کافی دم دکھایا لیکن جنید کی دستیابی اس باؤلنگ لائن میں مزید جان بھر دیتی۔ بہرحال، اب وہ ایک مرتبہ پھر اپنے کمالات دکھانے کے لیے تیار ہیں اور بنگلہ دیش کے خلاف تینوں طرز کے دستوں میں منتخب ہوگئے ہیں۔