نیوزی لینڈ کی زبردست واپسی، سیریز برابر
جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے مابین سیریز میں دلچسپ مقابلہ دیکھنے کے متمنی شائقین کو دوسرے ایک روزہ میں بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ جتنے جامع انداز میں پہلے ایک روزہ میں جنوبی افریقہ نے کامیابی حاصل کی تھی، نیوزی لینڈ نے 'نہلے پہ دہلا' پھینکتے ہوئے اس سے بھی شاندار فتح سمیٹی ہے اور یوں سیریز ایک-ایک سے برابر کر دی ہے۔
پوچفیسٹروم میں کھیلے گئے ایک روزہ مقابلے میں جنوبی افریقہ کی پہلی غلطی ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ تھا۔ ایک ایسی وکٹ پر کہ جہاں ہدف کا تعاقب کرنا زیادہ آسان رہتا، نہ صرف یہ کہ پہلے بلے بازی سنبھالی گئی، بلکہ میدان میں اترنے والے بلے بازوں کو بھی خبردار نہیں کیا گیا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ غیر ضروری شاٹس کھیل کر اوپنرز نے ابتدائی 4 اوورز میں ہی اپنی وکٹیں تھالی میں رکھ کر پیش کردی۔ پہلے ہاشم آملہ اور اس کے بعد ایڈم ملنے کے اگلے اوور میں وکٹ کیپر مورنے وان ویک چلتے بنے۔ کپتان ڈی ولیئرز نے ریلی روسو کے ساتھ مل کر حالات کو سنبھالنے کی کوشش کی اور ابتدائی 15 اوورز کا مرحلہ پار کرلیا۔ لیکن یہاں ڈوگ بریسویل کی باؤلنگ نے اسے دوسرا بڑا دھچکا پہنچایا۔ روسو 39 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور اگلے ہی اوور میں بریسویل نے ڈیوڈ ملر کو ٹھکانے لگا دیا۔ ڈی ولیئرز کی مزاحمت کا خاتمہ گرانٹ ایلیٹ کے ہاتھوں ہوا۔ انہوں نے 45 گیندوں پر 31 رنز بنائے اور 107 رنز پر پانچویں وکٹ کی صورت میدان سے لوٹے۔
آنے والے بلے بازوں میں سے محض فرحان بہاردین ڈٹ کر نیوزی لینڈ کا سامنا کرسکے۔ انہوں نے 87 گیندوں پر 70 رنز بنائے جس میں فلینڈر کے ساتھ ساتویں وکٹ پر 54 رنز کی شراکت داری بھی شامل تھی۔ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 204 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سےبریسویل نے تین جبکہ ملنے نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایک،ایک وکٹ ایش سودھی اور ایلیٹ کو ملی۔
205 رنز کا ہدف گو کہ نیوزی لینڈ کے لیے بالکل آسان تھا، لیکن جنوبی افریقہ کے زبردست باؤلنگ اٹیک سے توقعات تھیں کہ وہ ویسی ہی کارکردگی دکھائے گا، جیسی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ نے پیش کی ہے۔ لیکن سب توقعات بیکار گئیں کیونکہ مارٹن گپٹل اور ٹام لیتھم نے پہلی ہی وکٹ پر 126 رنز بنا ڈالے۔ جب لیتھم 64 رنز بنانے کے بعد عمران طاہر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے تو اننگز کا 29 واں اوور چل رہا تھا۔ اس کے بعد بھلا جنوبی افریقہ کیا کرلیتا۔ مارٹن گپٹل کی نویں ون ڈے سنچری نے 45 ویں اوور میں نیوزی لینڈ کو صرف دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف تک پہنچا دیا۔
گپٹل 134 گیندوں پر 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست میدان سےواپس آئے۔ اس کارکردگی پر انہیں میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔
اب تیسرا ایک روزہ 26 اگست کو ڈربن میں کھیلا جائے گا کہ جہاں دونوں ٹیمیں برتری حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔