عمر اکمل کی طوفانی اننگز، 48 گیندوں پر 115 رنز

0 1,017

بین الاقوامی کرکٹ سے محروم پاکستانی میدانوں پر اس وقت نیشنل ٹی20 کپ جاری ہے جس میں آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ 5 ستمبر کو لاہور وائٹس اور راولپنڈی کے مابین کھیلے گئے ایک مقابلے میں عمر اکمل نے 115 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ پہلی بیٹنگ کرنے والی لاہور وائٹس ٹیم کو آغاز میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب گیارہ اوورز میں اس کا مجموعی اسکور صرف 52 رنز تھا اور اس کی دو وکٹیں گرچکی تھی۔ لیکن تب عمر اکمل نے لڑکھڑاتی ہوئی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور 48 گیندوں پر 9 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 115 رنز ناٹ آؤٹ کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ میچ کے انیسویں اوور میں عمر اکمل نے یاسر عرفات کو پانچ چھکے اور ایک چوکا رسید کیا اور 34 رنز بٹورے۔

عمر اکمل کی اس اننگز کی بدولت لاہور وائٹس 175 رنز کا مجموعہ اکٹھا کرنے میں کامیاب رہے۔ جواب میں راولپنڈی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز ہی بناسکی اور 19 رنز سے شکست کھاگئی۔

لاہور وائٹس کی ٹیم اس وقت چار میں سے تین مقابلوں میں فتح حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ پہلے نمبر پر پشاور کی ٹیم ہے جس نے اپنے چاروں میچ جیتے ہیں۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 16 ستمبر کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔