انوکھا اعزاز اظہر علی کے نام

ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ سیریز کے تیسرے اور آخری مقابلے میں پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے جس میں ابتدائی دو جوڑیوں کی شراکت نے مرکزی کردار ادا کیا۔ اس میچ کی خاص بات، کپتان اظہر علی کی سنچری ہے۔ یہ سنچری ان کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے کیونکہ حالیہ مقابلوں میں ناقص کارکردگی کی وجہ سے ان پر بہت اعتراضات ہورہے تھے یہاں تک کہ کپتانی بھی خطرے میں دکھائی دے رہی تھی۔ اس نازک ترین موقع پر سنچری اظہر علی کے لیے ایک مضبوط سہارا بن سکتی ہے۔ یہی نہیں، کپتان کے لیے اس سنچری کی ایک اور اہمیت بھی ہے۔ بحیثیت کپتان، یہ اظہر علی کی تیسری سنچری تھی اور اسی کے ساتھ، وہ تین سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی کپتان بن گئے ہیں۔
اظہر علی سے پہلے بحیثیت کپتان سب سے زیادہ ون ڈے سنچریاں بنانے کا اعزاز انضمام الحق اور شاہد خان آفریدی کے پاس تھا جنھوں نے بحیثیت کپتان بالترتیب 90 اور 38 میچز میں دو، دو سنچریاں بنائی تھیں۔ اظہر علی نے یہ ریکارڈ صرف 28 مقابلوں میں توڑا۔
لیکن بین الاقوامی ریکارڈ کا جائزہ لیں تو پاکستانی کپتان اس فہرست میں کہیں پیچھے نظر آتے ہیں۔ بحیثیت کپتان صرف 3 سنچریاں؟ کیا آپ جانتے ہیں کہ اپنے قیادت کے دور میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے سرِ فہرست 5 کھلاڑی کون ہیں اور انھوں نے کتنی سنچریاں بنائی ہیں؟ آئیے، ایک نظر ڈالتے ہیں۔
بحیثیت کپتان سب سے زیادہ ون ڈے سنچریاں بنانے والے
نام | ملک | مدت | میچز | سنچریاں |
---|---|---|---|---|
گریم اسمتھ | ![]() |
2003ء تا 2011ء | 150 | 8 |
سنتھ جے سوریا | ![]() |
1998ء تا 2003ء | 118 | 10 |
سارو گانگلی | ![]() |
1999ء تا 2005ء | 147 | 11 |
ابراہم ڈی ولیئرز | ![]() |
2012ء تا 2016ء | 87 | 13 |
رکی پونٹنگ | ![]() |
2002ء تا 2012ء | 230 | 22 |
حیرت انگیز امر یہ ہے کہ کئی نامور پاکستانی بلے باز بحیثیت کپتان ایک سنچری بھی بنانے میں ناکام رہے ہیں، جن میں مصباح الحق (87 میچز)، جاوید میانداد (62 میچز)، معین خان (34 میچز)، سلیم ملک (34 میچز)، اور راشد لطیف (25 میچز) شامل ہیں۔